کوئٹہ نجی ہوٹل کے کار پارکنگ میں دھماکہ، پولیس اہلکار سمیت 4 افراد ہلاک، 13 زخمی

وائس آف امریکہ اردو  |  Apr 22, 2021

کوئٹہ — پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ایک نجی ہوٹل میں بم دھماکے سے ایک پولیس اہلکار اور ایک نجی سیکورٹی گارڈ سمیت چار افراد ہلاک جبکہ دو اسسٹنٹ کمشنروں سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے چار کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی اور بلوچستان ہائی کورٹ کے نزدیک واقع فائیو اسٹار ہوٹل کے کار پارکنگ میں بدھ کی رات دس بجے کے قریب ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔

دھماکے کے بعد کار پارکنگ کے احاطے میں آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

زخمیوں کو ایدھی، چھیپا اور دیگر سرکاری ایمبولینسز کے ذریعے کوئٹہ کے سول سنڈیمن ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع دعوی ہے کہ دھماکے کا ممکنہ ہدف چینی سفیر ہو سکتے ہیں جو واقعے سے کچھ دیر قبل ہی ہوٹل سے نکل چکے تھے۔

ادھر وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چینی سفیر اسی ہوٹل میں رہائش پزید تھے تاہم دھماکے کے وقت وہ ہوٹل کے بجائے کوئٹہ کینٹ میں موجود تھے۔

ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ چینی سفیر اس وقت بھی کوئٹہ میں موجود ہیں اور میری ان سے ملاقات ہوئی ہے۔ ان کے بقول چینی سفیر آج اپنے شیڈول کے مطابق پروگراموں میں شرکت کریں گے۔

وزیر داخلہ بلوچستان نے مزید کہا ہے کہ دھماکے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم کسی نے ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی مگر ماضی میں بھی ایسے واقعات میں، ان کے بقول، بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد مل چکے ہیں۔

بھارت اس طرح کے الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔

واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد میں اسد اللہ خان، شجاعت عباسی، ایمل کانسی اور شاہ زیب شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے ضلع گوادر میں مئی 2019 میں ایک نجی ہوٹل پر بلوچ علحیدگی پسند تنظیم کے حملے سے 5 افراد ہلاک جب کہ 6 زخمی ہوگئے تھے۔

کوئٹہ سرینا ہوٹل میں دھماکے کے بعد سول اور بی ایم سی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

بلوچستان کے پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کے مطابق دھماکے میں زخمی دو اسسٹنٹ کمشنرز اعجاز احمد اور بلال شبیر کو سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں طبی امداد کی فراہمی کے بعد سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ربابہ کے مطابق آنکھ میں زخم کے باعث ایک زخمی کو ہیلپر آئی اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں زیر علاج زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ادھر وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ کے مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More