’بہت ہارڈ‘، عالیہ بھٹ کی پاکستانی ریپر محمد شاہ کے گانے کی تعریف

اردو نیوز  |  Apr 22, 2021

بالی وڈ کی معروف ادکارہ عالیہ بھٹ نے پاکستانی ریپر محمد شاہ کی ان کے لیے بنائی گئی ویڈیو پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق عالیہ بھٹ ان دنوں اپنے دوست اور ساتھی اداکار رنبیر کپور کے ساتھ چھٹیاں گزار رہی ہیں۔

محمد شاہ نے بنائی گئی ویڈیو اور گانے میں عالیہ بھٹ کی فلموں رازی، سٹوڈنٹ آف دی ایئر، ہائی وے اور ٹو سٹیٹس کے ٹائٹلز اور ویڈیو کلپس کا استعمال کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق محمد شاہ کو ویڈیو بنانے کے دوران خیال آیا کہ عالیہ بھٹ تو پہلے ہی رنبیر کپور کے ساتھ ہیں اس لیے انہوں نے آخر میں توجہ بالی وڈ کی اداکارہ جھانوی کپور کی طرف موڑنے کا فیصلہ کیا۔

محمد شاہ نے اپنے گانے کی ویڈیو اس عنوان کے ساتھ شیئر کی کہ ’کیا ہو اگر‘ کی پہلی قسط۔ انہوں نے ساتھ ہیش ٹیگ ’صرف محبت ہی بانٹی جائے‘ کا استعمال کیا۔

عالیہ بھٹ نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بہت ہارڈ‘۔ انہوں نے ویڈیو پر تبصرے میں محمد شاہ کو پسندیدگی کی سند دیتے ہوئے آگ والی ایموجیز بھی لگائیں۔

ویڈیو پر عالیہ بھٹ کا ردعمل سامنے آنے کے بعد محمد شاہ نے ان کو جواب دیا کہ ’عالیہ بھٹ، مجھے آپ سے محبت ہے۔‘

عالیہ بھٹ ان دنوں مالدیپ میں چھٹیاں گزار رہی ہیں اور ان کے ہمراہ ساتھ اداکار رنبیر کپور بھی ہیں۔

دونوں اداکاروں کو پیر کی صبح ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا تھا جہاں سے وہ مالدیپ کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔

دوںوں کو عالمی وبا کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد پہلی بار اکھٹے دیکھا گیا۔ عالیہ بھٹ رواں ماہ کے آغاز پر کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں جبکہ رنبیر کپور کا کورونا ٹیسٹ مارچ میں مثبت آیا تھا۔

انڈیا میں کورونا کے حوالے سے عائد پابندیوں میں نرمی کے بعد عالیہ بھٹ اپنی فلموں کو مکمل کرنے میں مصروف رہیں۔

انہوں نے رنبیر کپور کے ساتھ فلم ’براہماسترا‘ کی شوٹنگ مکمل کی جو طویل عرصے تک کورونا کی وجہ سے نامکمل تھی۔ ڈائریکٹر ایان مکھرجی کی فلم میں عالیہ بھٹ کے ساتھ امیتابھ بچن بھی شامل ہیں۔

عالیہ بھٹ نے رواں سال کے آغاز میں اپنی فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑی کا ٹیزر بھی شیئر کیا تھا۔ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم میں عالیہ بھٹ ایک منفرد اور اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More