کراچی کے حلقہ این اے 249 میں مسلم لیگ (ن) کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور

وائس آف امریکہ اردو  |  May 04, 2021

ویب ڈیسک — 

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار مفتاح اسماعیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے کراچی کے حلقہ این اے-249 میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ 29 اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اُمیدوار قادر خان مندوخیل نے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کامیابی حاصل کی تھی۔

قادر مندوخیل نے 16 ہزار 156 جب کہ مفتاح اسماعیل نے 15 ہزار 473 ووٹ حاصل کیے تھے۔ تاہم مسلم لیگ (ن) نے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کی تھی۔

منگل کو الیکشن کمیشن نے مفتاح اسماعیل کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔

دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رُکنی بینچ نے کی۔

مسلم لیگ (ن) کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیے کہ 167 پولنگ اسٹیشنز سے موصول ہونے والے فارم 45 پر پولنگ ایجنٹس کے دستخط ہی نہیں ہیں۔ لہٰذا الیکشن کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے دوبارہ گنتی کرائی جائے۔

پیپلز پارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ الیکشن کے بعد ریٹرننگ آفیسر سے دوبارہ گنتی کی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔ تاہم جب مسلم لیگ (ن) ہار گئی تو پھر انہیں دوبارہ گنتی کی درخواست دینے کا خیال آیا۔

الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More