ملک میں ڈیم خالی، پانی کے شدید بحران کاخدشہ

سماء نیوز  |  May 04, 2021

ملک میں آبی ذخائر میں تشویشناک حد تک کمی ہوجانے کے باعث پانی کے سنگین بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

ارسا حکام کے مطابق تربیلا ڈیم اور تربیلا بیراج خالی ہوچکے ہیں اور منگلا ڈیم میں صرف 4 دن کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے جبکہ ڈیموں اور بیراجز میں پانی کا کل ذخیرہ صرف 5 لاکھ  30 ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا ہے، جس سے ملک میں پانی کے بحران کے سر اٹھانے کا خدشہ ہے۔

اس آبی قلت کے باعث چاول، گنے اور کپاس سمیت خریف کی مختلف فصلوں اور سبزیوں کو شدید نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے اور اس سے ان فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی کمی کا امکان ہے۔

دوسری جانب ارسا اور واپڈا کے درمیان دریائے سندھ کے پانی پر تنازع بھی کھڑا ہوگیا ہے۔ تین روز قبل ارسا نے واپڈا حکام سے پوچھا کہ دریائے سندھ کا پانی کہاں غائب ہورہا ہے تاہم واپڈا نے تاحال اتھارٹی کو کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

ارسا حکام کے مطابق منگل کو بھی دریائے سندھ میں بشام اور تربیلا کے درمیان 12 ہزار 600 کیوسک پانی غائب ہے۔ دریائے سندھ میں بشام کے مقام پر پانی کا بہاؤ ساڑھے 56 ہزار کیوسک جبکہ تربیلا ڈیم تک پہنچتے پہنچتے پانی کی آمد 43 ہزار 900 کیوسک رہ گئی۔ ارسا نے تمام تر صورتحال سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More