پاکستان سپر لیگ: ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے ہرا دیا

بی بی سی اردو  |  Jun 10, 2021

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں آج کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے لیگ کے 16ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔

مگر کراچی کنگز کی ٹیم بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں صرف 164 رنز ہی بنا سکی اور اس کے سات کھلاڑی آوٹ ہوئے۔

کراچی کنگز نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو شرجیل خان صرف چار رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے کھلاڑی مارٹن گپٹل پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور 16 گیندوں پر 11 رن بنانے کے بعد عمران طاہر کے ہاتھوں آوٹ ہو گئے۔

نجیب اللہ زدران نے اپنی باری کے آغاز میں ہی ایک چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن وہ بھی وکٹ پر زیادہ دیر تک ٹھہر نہ سکے اور عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر کراچی کنگز نے 11.3 اوورز میں تین وکٹیں گنوا کر 77 رنز درکار تھے اور انھیں فتح کے لیے 51 گیندوں پر مزید 100 رنز درکار تھے، ایسے میں بابر اعظم کا ساتھ دینے چیڈوک والٹن آئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی اور 10 رنز سے زائد کی اوسط سے بیٹنگ کرتے ہوئے سلطانز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا۔

بابر اعظم نے وکٹ کے چاروں جانب شاندار سٹروک کھیلے اور 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب والٹن 23 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے، انھوں نے بابر کے ہمراہ 77 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس شراکت کے خاتمے کے ساتھ ہی کراچی کنگز کی جیت کی امید بھی دم توڑ گئی اور ملتان سلطانز نے میچ میں 12 رنز سے فتح حاصل کر لی۔

ملتان سلطانز کی اننگز

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے پہلے ہی اوور میں ٹیم کو کامیابی دلاتے ہوئے ملتان سلطانز کے اوپنر رحمٰن اللہ گرباز کو پویلینکی راہ دکھا دی۔

اس کے بعد ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا ساتھ دینے صہیب مقصود آئے اور دونوں نے مل کرٹیم کے مجموعی سکور کو 40 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر صہیب کی 14 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

نئے بلے باز رلی راؤسو نے بھی رضوان کا بھرپور ساتھ نبھایا اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے جس میں بائیں ہاتھ کے بلے باز کا حصہ 44 رنز رہا۔

یہ بھی پڑھیے

قلندرز کی آخری گیند پر جیت: ’شروع مجبوری میں کیے تھے اب مجا آ رہا ہے‘

پی سی بی ’مہربانی‘ میں مارا گیا

’اعظم خان صرف معین خان کے صاحبزادے نہیں، وہ پاور ہٹر بھی ہیں‘

108 کے مجموعی سکور پر کراچی کنگز نے تیسری کامیابی اس وقت حاصل کی جب تھسارا پریرا کی قیمتی وکٹ حاصل کر لی۔

اسی اوور میں سلطانز کو ایک اور بڑا نقصان اس وقت پہنچا جب باؤنڈری سے شاندار تھرو کے نتیجے میں رن آوٹ ہو کر رضوان پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔

ویسٹ انڈیز سے آئے شیمرون ہٹمائر کی اننگز بھی سات رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور یوں سلطانز پانچویں وکٹ بھی گنوا بیٹھے۔

پانچ وکٹیں گرنے کے بعد خوشدل کا ساتھ دینے سہیل تنویر آئے اور دونوں نے اختتامی اوورز میں ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلا دی۔ دونوں کھلاڑیوں نے 48 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

واضح رہے کہ اس میچ سے قبل تک پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کی ٹیم دوسرے اور ملتان سلطانز کی ٹیم صرف ایک فتح کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

آج پی ایس ایل میں دو میچز کھیلے جائیں گے، دوسرا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آج کے پہلے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، نجیب اللہ زدران، چیڈوک والٹن، تھسارا پریرا، قاسم اکرم، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان(کپتان)، رحمٰن اللہ گرباز، رائلی روسو، شیمرون ہٹمائر، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، عمران خان، عمران طاہر اور شاہنواز دھانی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More