صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے خطرے سے متعلق وفاقی ٹاسک فورس کے چوتھے اجلاس سے خطاب

اے پی پی  |  Jun 23, 2021

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام اور خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ کیلئے قومی اور بین الاقوامی مالیات کے انتظام کیلئے خصوصی کوششوں پر زور دیا ہے،

انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی کی لہر سے نمٹنے کیلئے حکومت کی مدد کیلئے آبادی سے متعلق ڈونر کانفرنس منعقد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے،

صدر مملکت نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے ماحولیاتی تبدیلی، ماحولیات پر براہ راست منفی اثرات اور ملک کے قدرتی و معاشی وسائل پر بڑھتے ہوئے دبائو پر بھی روشنی ڈالی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے خطرے سے متعلق وفاقی ٹاسک فورس کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری، سماجی تحفظ و تخفیف غربت سے متعلق وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز، خیبرپختونخوا کے وزیر بہبود آبادی احمد حسین شاہ، سیکرٹری این ایچ ایس آر سی عامر اشرف خواجہ، چیف سیکرٹری سندھ سیّد ممتاز علی شاہ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی پنجاب علی بہادر قاضی، کنٹری ڈائریکٹر پاپولیشن کونسل اسلام آباد ڈاکٹر زیبا،

یو این ایف پی اے کے کنٹری ڈائریکٹر، ٹیکنیکل ماہرین اور وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزارت این ایچ ایس آر سی نے آبادی سے متعلق منصوبہ بندی کی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

آزاد جموں و کشمیر سمیت صوبائی نمائندوں نے اجلاس کو فیملی پلاننگ سروسز کے فروغ کیلئے متعلقہ حکومتوں کی طرف سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں یہ بتایا گیا کہ صوبائی حکومتیں بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مزید وسائل مختص کرنے مانع حمل ادویات کی دستیابی میں اضافہ، میڈیا کے ذریعے آگاہی، انسانی وسائل میں اضافہ اور تربیت سمیت آبادی پر قابو پانے کیلئے اقدامات پر سنجیدگی سے توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبائی حکومتیں ملک میں صحت مندانہ خاندانی اقدار کے فروغ کیلئے علماء کرام، خطیبوں اور مذہبی رہنمائوں سے مل کر کام کریں گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علماء کرام اور میڈیا نے کورونا وبا کے دوران آگاہی پیدا کرنے کیلئے مؤثر کردار ادا کیا، وہ اپنے جمعہ کے خطبات اور ٹاک شوز میں بڑھتی ہوئی آبادی کے اثرات سے متعلق عوام کو آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ آبادی کی بڑھتی ہوئی لہر سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات، تحقیق اور مہارتوں سے استفادہ کریں اور مربوط سوچ اپنائیں۔

صدر مملکت نے خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق صوبائی حکومتوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے بتایا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ ملک کو درپیش بڑا چیلنج ہے اور اس سے علماء کرام، میڈیا اور سول سوسائٹی کے مؤثر تعاون سے نمٹا جا سکتا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ علماء کرام عوام کو بڑھتی ہوئی آبادی کے خطرے سے آگاہ کرنے کیلئے مکمل تعاون کریں گے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے لڑکیوں کی تعلیم اور خاندانی منصوبہ سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے کمیونٹی کی شرکت پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More