ماسک نہ پہننے والے مسافر کو 21 ہزار ڈالر جرمانہ

اردو نیوز  |  Jun 23, 2021

ماسک نہ پہننے کے بعد فلائٹ سے اتارے جانے اور ساؤتھ ایسٹ ایئرلائنز کے ملازم کو پیٹنے والے ایک مسافر پر 21 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق ’ڈیلاس فورٹ فورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے ذمہ دار فرد کو جرمانہ کیا گیا ہے۔‘

دی سٹیٹ نامی ویب سائٹ نے ایف اے اے کا حوالہ دے کر رپورٹ کیا ہے کہ ’مذکورہ فرد نے 22 فروری کو بورڈنگ سے قبل اور جہاز پر سوار ہونے کے بعد ماسک پہننے سے انکار کر دیا تھا۔ فلائٹ اٹینڈنٹس اور کپتان نے متعدد مرتبہ انہیں ماسک پہننے کا کہا اور انہیں ماسک فراہم بھی کیا گیا لیکن انہوں نے وہ بھی ہٹا دیا تھا۔‘

اس ساری صورت حال کے بعد کپتان نے رن وے سے جہاز واپس موڑا اور مسافر کو طیارے سے اتار دیا تھا۔‘

ایف اے اے کے مطابق ’کسٹمر سروس سپروائزر نے جہاز پر آکر مسافر کو نیچے اتارنا چاہا تو انہوں نے پہلے ماسک ملازم پر پھینکا اور پھر انہیں جبڑے پر مکا مار دیا، جہاز سے نکلتے ہوئے بھی مسادر نے ماسک پہننے سے انکار کیا۔‘

وفاقی حکام کے مطابق مسافر کو حراست میں رکھ کر جواب طلبی کی گئی۔

قوانین کے مطابق دو برس یا زائد عمر کے ہر فرد کے لیے فلائٹس کے دوران ماسک پہننا لازم ہے۔

جمعرات کو ایف اے اے کی جانب سے جن آٹھ مسافروں پر جرمانہ عائد کیا گیا ان میں یہ مسافر بھی شامل تھا۔ حکام نے مذکورہ مسافر کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

رواں برس ایف اے اے کی جانب سے دوران پرواز خطرناک رویے کا مظاہرہ کرنے پر مختلف مسافروں کو پانچ لاکھ 63 ہزار ڈالر سے زائد کا جرمانہ کیا جا چکا ہے۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More