پاکستان اقتصادی ترجیحات پر عمل پیرا ہے ، شاہ محمود قریشی

بول نیوز  |  Jun 24, 2021

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، اقتصادی ترجیحات پر عمل پیرا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے منسٹر آف سٹیٹ برائے ساؤتھ ایشیا و کامن ویلتھ لارڈ طارق احمد آف ویمبلڈن کی اسلام آباد میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی جس میں کورونا وبائی صورتحال ،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے اور کرونا ویکسین کے عمل کو تیزی سے مکمل کرنے کے حوالے سے برطانوی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی

 وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں، محدود وسائل کے باوجود سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سے کرونا وبا کی تیسری لہر کا مقابلہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش ہے ، اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے عالمی برادری کو مل کر کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے متمنی ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں معاشی استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے افغانستان میں قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے۔

وزیر خارجہ نے برطانیہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔

ملاقات میں لارڈ طارق نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا اور خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

لارڈ طارق احمد آف ویمبلڈن کی وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بھی شرکت کی۔

--> Double Click 300 x 250
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More