لیڈی گاگا’ گوچی خاندان کی قاتلہ بہو’ بن گئیں

سماء نیوز  |  Jul 31, 2021

لیڈی گاگا دنیائے فیشن کی مشہورترین فیملی گوچی کی قاتل بہو کے روپ میں جلد بڑی اسکرین پر دکھائی دیں گی ، فلم ‘ہاؤس آف گوچی ‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

امریکی موسیقار، گلوکار اوراداکارہ کے مداح فلم کا ٹریلر دیکھ کر ان کی صلاحیتوں کے مزید گرویدہ ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر ان کی شاندار اداکاری کو سراہا جارہا ہے۔

فلم کی کہانی اسی عنوان سے سال 2001 میں شائع ہونے والے ناول سے ماخوذ ہے جسے اٹلی کی معروف ترین فیشن برانڈ ‘گوچی ‘ کے سابق سربراہ موریزیو گوچی کے قتل پرلکھا گیا تھا۔

View this post on InstagramA post shared by Lady Gaga (@ladygaga)

موریزیو گوچی کے قتل کے گرد گھومتی فلم میں لیڈی گاگا نے ان کی قاتل بیوی پیٹریزیا رگیانی کا کردارادا کیا ہے جس سے 1995 میں اپنے شوہر کو کرائے کے قاتلوں سے مروادیتی ہے۔ موریزیو کاکردار ایڈم ڈرائیورنبھا رہے ہیں۔

شوہر سے طلاق کے 3 سال بعد کروائے جانے والے قتل کے اس واقعے نے دنیا بھرمیں شہرت حاصل کی تھی ، 2 سال بعد 1997 میں پولیس نے پیٹریزیا کو گرفتار کرکے مقدمہ چلایا اور اسی سال اٹلی کی عدالت نے 29 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

بعد ازاں جیل میں خود کو اچھا قیدی ثابت کرنے والی پیٹریزیا کو 18 سال بعد 2016 میں رہائی مل گئی۔ سابق شوہرکو قتل کروانے والی یہ خاتون ان کی کزن بھی تھی۔

قتل ہونے والے موریزیو گلوبل فیشن ایمپائر گوچی کے بانی گیو گوچی کے پوتے تھے جو1983 سے 1993 میں کمپنی میں اپنا حصہ فروخت کرنے تک گوچی کے سربراہ رہے۔

اس سے قبل اپریل میں فلم کی شوٹنگ کی کچھ تصاویر وائرل ہونے پر پیٹریزیا کو بجائے اپنے اقدام پرپشیمانی کے یہ فکرلاحق تھی کہ فلم میں ان کے دادا اور گوچی کے بانی کو خوبصورت نہیں دکھایا گیا۔

پیٹریزیا کا کہنا تھا کہ ‘میرے دادا تمام گوچیز کی طرح بہت خوبصورت تھے۔ درازقامت، نیلی آنکھوں والے اور بہت خوبصورت’ ، ان کا کردار ال پچینو نے ادا کیا ہے جو قد میں بہت لمبا نہیں اور تصویر میں بھی موٹا ، بدصورت اور خوفناک لگ رہا تھا۔

گوچی خاندان کی اس قاتلہ خاتون نے ہالی ووڈ پر اپنی فیملی کی شناخت چرانے اور مالی فوائد کیلئے ذاتی راز اچھالنے کا الزام بھی عائد کیا۔

ہاؤس آف گوچی کو رڈلے اسکاٹ نے ڈائریکٹ کیا ہے ۔ فلم نومبر 2021 میں آن لائن اور سینما ہالز میں ریلیز کی جائے گی۔

لیڈی گاگا آخری بار 2018 میں فلم ‘ آاسٹار ازبارن’ میں دکھائی دی تھیں، جس میں شاندار اداکاری پرانہیں آسکر کیلئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More