الیکٹرانک ووٹنگ مشین عوام کو اختیار سے محروم رکھنے کی سازش ہے،ایمل ولی

بول نیوز  |  Sep 14, 2021

خیبر پختونخواہ اے این پی کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین عوام کو اختیار سے محروم رکھنے کی سازش ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر اے این پی خیبر پختونخوا ایمل ولی خان کی مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے ملاقات  ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، انتخابی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ مشین، پی ایم ڈی اے اور دیگر سیاسی معاملات پر گفتگو  ہوئی۔

ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال باالخصوص افغانستان کی صورتحال پربھی گفتگو ہوئی۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ  ووٹ چوری کا راستہ مستقل طور پر بند کرنے کیلئے انتخابی اصلاحات وقت کی ضرورت ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اے این پی پہلے ہی ای وی ایم کو مسترد کرچکی ہے، مزید ووٹ چوری کسی قیمت پر قابل قبول نہیں ہوگا۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے  میں ایمل ولی خان نے کہا کہ یہ نظام لاکر ایک دفعہ پھر دھاندلی کیلئے راہ ہموار کی جارہی ہے۔

اے این پی خیبر پختونخواہ کے صدر کا کہنا تھا کہ  آزادمیڈیا اور صحافت جمہوریت کے لئے سانس کی مانند ہے، حکومت پی ایم ڈی اے جیسا قانون لاکر آزاد صحافت اور جمہوریت کا گلا گھونٹنا چاہتی ہے،  چور دروازے سے کی جانے والی قانون سازی کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حالات کا پاکستان پر اثر انداز ہونا یقینی ہے، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھناہوگا اوراپنی عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کو مقدم رکھنا ہوگا ۔

ان کا کہنا تھاکہ حالات کا تقاضہ ہے کہ پارلیمان کو اعتماد میں لے کر آزاد خارجہ پالیسی عوام کے سامنے لائی جائے۔

اس موقع پر اے این پی خیبر پختونخواہ کے صدر  ایمل ولی خان نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صحت کے  بارے  میں بھی دریافت کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

AdPushup 300X250
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More