کراچی میں گرم ہواؤں کی ہیٹرک،سمندری ہوائیں بند

سماء نیوز  |  Sep 15, 2021

فائل فوٹو

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بند ہونے سے کراچی میں آج بھی شدید گرمی رہے گی۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ 4 روزہ جُزوی ہیٹ ویو پر ان کا کہنا تھا کہ جُزوی ہیٹ ویو 17 ستمبر تک جاری رہے گی جس میں درمیانی شدت کی گرمی ہوگی جب کہ اس وقت سمندری ہوائیں مکمل بند ہیں۔

ڈائریکٹر سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ بھارت اور پاکستان میں 2 مون سون سسٹمز موجود ہیں۔ ایک ڈپریشن وسطی بھارت میں موجود ہے، اس ڈپریشن کا رخ بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب کی جانب ہے۔ ہوا کا دوسرا کم دباؤ گجرات، راجستھان اور جنوب مشرقی سندھ کو اپنی لپیٹ میں لیئے ہوئے ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہوا کے کم دباؤ کے زیرِ اثر تھر پارکر ڈسٹرکٹ میں بارشیں بھی ہو رہی ہیں۔ بھارتی گجرات میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی میں شدید گرم موسم ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق ان دونوں سسٹمز کے تحت فی الحال کراچی میں بارش کا امکان نہیں، کراچی میں کل (جمعرات تک) موسم گرم ہی رہے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہیں، شمال مشرق سے گرم ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم 16 ستمبر کے بعد سسٹم کے بحیرۂ عرب میں جانے سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔ جمعہ 17 ستمبر کو ایک اور ہوا کا کم دباؤ خلیجِ بنگال میں بننے والا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More