موجودہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے تمام ممکن کوششیں کرے گی، اعظم خان سواتی کی پریس کانفرنس

اے پی پی  |  Sep 20, 2021

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے تمام ممکن کوششیں کرے گی۔ پیر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا اور کس طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان ان کے پیدائشی ووٹ کا حق دینے میں رکاوٹ پیدا کر سکتا ہے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ وہ اس تمام صورتحال سے واقف ہیں جس میں موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کی گئی تاہم وہ اس کے حوالے سے تفصیل کو بے نقاب نہیں کرینگے کیونکہ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے تفصیلات کو افشاء نہ کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں اور الیکشن کمیشن کے تقدس کو برقرار رکھنے کیلئے یہ تقرری کرنے کیلئے پابند تھی۔ انہوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کسی کی ایماء پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے آئینی ادارے کو تنہا کرنے پر تلا ہوا ہے،

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت الیکشن کمیشن کو ایک آزاد ادارہ بنائے گی تاہم انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے کئی معاملات کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کی خواہش پر ابھی تک خفیہ رکھا گیا ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ حزب اختلاف کی زبان بول رہے ہیں اور موجودہ حکومت اسے برداشت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نوازشریف اور شہباز شریف کی طرف سے نامزد کیا گیا تھا اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تقدس کو برقرار رکھنے کیلئے حزب اختلاف کی طرف سے نامزد کردہ شخص کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کیا ۔

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر پر زور دیا کہ وہ ادارے کو مکمل تباہ ہونے سے بچائیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے اپنا وعدہ پورا کرینگے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کی نگرانی اور ہدایات کے مطابق صاف، شفاف اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات پر عمل کرے گی تاکہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔ وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ حکومت ایسا انتخابی نظام لانے کیلئے پرعزم ہے جس کے تحت غیر متنازعہ اور صاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More