آئی ایم ایف پروگرام میں جانے سے پالیسی ریٹ بڑھ گیا

سماء نیوز  |  Sep 22, 2021

وفاقی وزیر شوکت ترین  نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں جانے سے پالیسی ریٹ بڑھ گیا ہے۔ حکومت بنیادی اشیاء کے ٹیکسز میں عوام کو ریلیف دے رہی ہے اور اربن فوڈ انفلیشن 15 سے کم ہوکر 10 فیصد پر آگئی ہے۔ 

بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرشوکت ترین نے بتایا کہ پاکستان میں پیٹرول 123 روپے فی لیٹر جبکہ بھارت میں 250 روپے اور بنگلا دیش  میں 198 روپے فی لیٹر ہے۔ گھی کی قیمت میں 45  سے 50 روپے کمی کروائیں گے اورحکومت نے عوام کو فوڈ سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ساڑھے12ملین گھرانوں کو کیش سبسڈی دیں گے۔ اس کےعلاوہ آٹے، چینی، گھی اور دالوں پر کیش سبسڈی دیں گےاور چینی 90 روپے کلو میں فروخت کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں صرف 14 فیصد اضافہ کیا جبکہ پیٹرول کی عالمی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

شوکت ترین نے مزید کہا کہ کرونا کی وباء سے پیداوار میں کمی اور قیمتوں میں اضافہ ہوا، غذائی اجناس کی عالمی قیمتیں ایک دہائی کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ کرونا کےباعث دنیا کی سپلائی لائن اور پروڈکشن متاثر ہوئی اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمت میں اضافہ ہواہے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کا اس ہی مہینے اجراء کیا جائے گا، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضے دیں گے۔کاروبار، گھر، زراعت کے لئے قرضے دیئے جائیں گے۔اس کے علاوہ صحت کارڈ اور ووکیشنل ٹریننگ بھی دیں گے۔شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کل سے 55 روپے کلو آٹا ملے گا۔ غریب طبقے کو 43 روپے کلو آٹا ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں مسائل کا بیٹھ کر حل نکالیں گے۔ٹیکس ریونیو اور توانائی شعبے میں بہتری آئی ہے۔ آئی ایم ایف کو آئندہ مذاکرات میں کارکردگی سے آگاہ کریں گے۔ ہماری معیشت 5 فیصد سے زیادہ گروتھ پر چلی گئی ہے اور ایک ہی سال میں 6 یا ساڑھے 6 فیصد تک لے جانا پائیدار نہیں ہوگا۔ معیشت میں تیزی سے درآمدات میں بھی اضافہ ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو کہہ چکے ہیں کہ ہم اپنے طریقے سے بہتری لائیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More