ویکسین نہ لگوانے والے کھلاڑی آسٹریلین اوپن میں شرکت نہیں کر سکیں گے: حکام

اردو نیوز  |  Oct 19, 2021

غیر ویکسین شدہ ٹینس کھلاڑیوں کو گرینڈ سلیم کے آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ میں کھیلنے کے لیے ممکنہ طور پر ویزا نہیں ملے گا۔ ایک مقامی افسر نے یہ بتاتے ہوئے ٹینس چمپیئن نوواک جوکووچ کی ٹورنامنٹ میں شرکت کو خدشے میں مبتلا کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا کے وزیراعظم ڈین اینڈریوز کا کہنا ہے کہ جنوری میں ہونے والے گرینڈ سلیم کے اس مقابلے میں کھیلنے والوں کے لیے وہ آسٹریلیا کے کورونا وائرس ویکسین کے قوانین میں کسی قسم کے استثنیٰ کی توقع نہیں رکھتے۔  

’میرا نہیں خیال کہ کسی غیر ویکسین شدہ کھلاڑی کو اس ملک میں آنے کے لیے ویزا دیا جائے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وائرس کو آپ کی ٹینس رینکنگ کی کوئی پروا نہیں، نہ ہی اسے یہ خیال ہے کہ آپ نے کتنے گرینڈ سلیم جیتے ہیں۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’اگر کسی کو ویزا نہیں ملا تو اسے کچھ ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں جانا پڑے گا جبکہ دوسرے کسی کھلاڑی کو نہیں کرنا ہو گا۔‘

ٹینس کی دنیا کے نامور کھلاڑی نوواک جوکوویچ نے علانیہ طور پر ویکسین کی مخالفت کی ہے اور انہوں نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ انہیں ویکسین لگی ہے یا نہیں۔

نوواک جوکوویچ نے یکِے بعد دیگرے تین آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ جیتے ہیں اور اب میلبورن میں 21 واں گرینڈ سلیم جیتنے کی کوشش کریں گے۔

وکٹوریہ کے وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ موٹر ریس کی تقریب، فارمولا ون کی آسٹریلین گرینڈ پری، میں بھی شرکت کے خواہاں افراد کو ویکسین لگوانا ہو گی۔

’گرینڈ پری اپریل میں ہے، میرا نہیں خیال کہ اس میں ایسے لوگ ہوں گے جنہیں (ویکسین کی) دو خوراکیں نہیں لگی ہوں گی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More