سونے کی قیمت میں ایک بار پھر غیرمعمولی اضافہ

سماء نیوز  |  Oct 20, 2021

پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر غیرمعمولی اضافہ ہوگیا، سونا تقریباً 14 ماہ بعد ایک لاکھ 22 ہزار روپے فی تولہ کی سطح عبور کرگیا۔

سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو فی تولہ سونے کی قیمت 2500 روپے اضافے سے ایک لاکھ 22 ہزار 200 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام سونا 2144 روپے مہنگا ہوکر ایک لاکھ 4 ہزار 767 روپے کا ہوگیا۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 18 ڈالر اضافے سے 1781 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔

پاکستان میں اگست 2020ء کے پہلے ہفتے میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 32 ہزار روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھی، تاہم چند روز بعد ہی سونا ایک لاکھ 20 ہزار روپے فی تولہ پر آگیا تھا، ا پہلی بار فی تولہ سونا ایک لاکھ 20 ہزار روپے کی سطح سے اوپر گیا ہے۔

واضح رہے کہ اپریل 2021ء میں سونے کے نرخ تقریباً 10 ماہ کی کم ترین سطح ایک لاکھ 2 ہزار روپے فی تولہ تک گرگئے تھے۔ پاکستان میں یکم جنوری 2020ء کو سونے کے فی تولہ نرخ 88 ہزار 150 روپے تھے۔

صراف ایسوسی ایشن کے مطابق چاندی کے فی تولہ نرخ بھی 40 روپے کے اضافے سے 1470 روپے فی تولہ ہوگئے۔

جیولرز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کا اثر مقامی مارکیٹ پر پڑ رہا ہے، ساتھ ہی پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر بڑھنے سے یہ اثر مزید بڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے سونے کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

پیر کو بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 1700روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس سے رواں ہفتہ اب تک سونے کی فی تولہ قیمت اضافہ 3200 روپے بڑھ چکی ہے، جبکہ اکتوبر کے آغاز سے اب تک سونے کے نرخ میں مجموعی طور پر 8700 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More