پاک بھارت میچ:روایتی حریف آج شام7بجے ایک دوسرےکےمدمقابل آئیں گے

سماء نیوز  |  Oct 24, 2021

ٹی20ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے تیسرے میچ میں آج دو سابق عالمی چیمپئنز پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔

روایتی حریفوں کے مابین میچ آج شام 7 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، بھارت کی کپتانی ویرات کوہلی جبکہ قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کرینگے۔

اس سے قبل گزشتہ روز بھارت کیخلاف میچ کےلئے 12 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا جس میں کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، حیدر علی، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، حارث رؤف اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ حتمی پلیئنگ الیون کا فیصلہ میچ کے روز کیا جائے گا جبکہ صورتحال دیکھ کر سابق کپتان اور چیمپیئنز ٹرافی ونر سرفراز احمد کی شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹی20ورلڈکپ میں ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کا کرکٹ میں 2 سال بعد مقابلہ ہوگا جب کہ آخری بار دونوں ٹیمیں ورلڈکپ 2019 میں آمنے سامنے آئی تھیں۔ انگلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت 89 رنز سے فتحیاب ہوا تھا۔ روہت شرما نے 140 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

گزشتہ 10 برسوں کے دوران پاکستان نے 139 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سے 77 جیتے ہیں، سن 2007 کے پہلے ٹی20 ورلڈکپ میں رنرز اپ رہے اور پھر 2 سال بعد یونس خان کی زیر قیادت ٹائٹل جیتا۔

سن 2016 کے آخری ٹی20ورلڈکپ میں ٹیم سیمی فائنل میں رسائی سے محروم رہی اور سپر 10 میں سفر ختم ہوگیا تھا۔

پاکستان کو 4 میچز میں محض 1 ہی فتح نصیب ہوئی تھی،2014 میں بھی ٹیم فائنل فور میں جگہ نہیں بنا سکی تھی، البتہ اس بار گروپ میں صرف 2 ہی مضبوط ٹیمیں بھارت اور نیوزی لینڈ کی موجودگی کے سبب پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کا اچھا موقع مل گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More