ابرارالحق نے’بےبی شارک’کا بالغ ورژن بناڈالا

سماء نیوز  |  Oct 26, 2021

کچھ عرصہ قبل بچوں کی تربیت کے حوالے سے ماوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے ابرارالحق کا نیا گانا ‘ بیگم شک کرتی ہے’ آپ کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کرے گا۔

کسی زمانے میں بلو دے گھر، پریتومیرے نال ویاہ کرلے، نچ پنجابن جیسے ہٹ گانے بنانے والے ابرار یقیننا جانتے ہیں کہ مقابلہ بازی کے اس بڑھتے رجحان میں ایک بار پھراپنا پرانا جادو کیسے جگانا چاہیے۔

حالیہ کمپوزیشن میں گلوکار نے مرکزی خیال بچوں کی اسی مشہورزمانہ نظم سے لیا جو بقول ان کے خیال میں بچے بگاڑ رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کو بخوبی یادہوگا کہ 2 ماہ قبل ابرار الحق نے پاکستان تحریک انصاف کی 3 سالہ کارکردگی کے موقع پرمنعقدہ تقریب میں بچوں کی تربیت کے حوالے سے آج کل کی ماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے طنزا کہا تھا کہ ‘جب ہم بچے تھے تو ہمیں اپنی ماؤں سے کلمہ سننے کو ملتا تھا لیکن آج کے بچے کو ماں فون دے دیتی ہے اوراس پرلگاہوتا ہے ‘بے بی شارک ڈو ڈو ڈوڈو’۔

اس بیان کے بعد ابرارالحق کو خاصی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

لیکن نیا گانا ظاہرکرتا ہے کہ دوسروں کو نصیحت کرنے والے ابرارخود بچوں کیلئے یو ٹیوب پردنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی اس نظم کےسحرسےمحفوظ نہ رہ سکے، یا شاید انہیں یہ خیال بعد میں آیا کہ بجائے تنقید کے ‘بےبی شارک’ کو اپنے فائدے کیلئے بھی تو استعمال کیا جاسکتا تھا۔

بےبی شارک : اقراء اور یاسر کا ابرارالحق کوان ڈائریکٹ جواب

ابرارالحق کا بے بی شارک ورژن پاکستان میں بیگمات کے ظلم کا شکار’مظلوم شوہرحضرات’ کے نام ہے جو آغاز میں ہی آپ کو سمجھادیتا ہے کہ مرکزی خیال کہاں سے لیا گیا ہے۔ میوزک ویڈیومیں صبا قمر نے شرلاک ہومز کوبھی پیچھے چھوڑکرجاسوسی کے تمام ترتقاضے پورے کرتے ہوئے شکی بیگم کا کردار خوب نبھایا۔

موبائل فون جھپٹ کرمیسجزچیک کرنے، عدسے کی مدد سے کوٹ پرکسی دوسری خاتون کا بال ڈھونڈنے سے لیکر ڈرون سے جاسوسی اور پھرمبینہ بیوفائی پر بجلی کے جھٹکے دینے تک ابرارالحق کا یہ ‘نایاب خیال’ آپ کو بوریت کا شکارنہیں ہونے دیتا۔گانے کے اختتام پر ‘مشرقی شوہر’ کی وفاداری اور بیگم کی تابعداری دکھائی گئی ہے جس کے بعد سب شیروشکرہیں۔

ابرارالحق کے بیان پرنادیہ حسین کی تنقید

گلوکاری کے ساتھ ساتھ سیاسی میدان میں بھی قدم رکھنے والے ابرار الحق مخالفین کو یہاں بھی نہیں بھولے، میوزک ویڈیو سے صاف ظاہرہے کہ گانے کے بولوں میں‘ تنظیم سازی’ کا لفظ خصوصا لیگی رہنما طلال چوہدری کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔

بہت ‘زیادہ شادی شدہ حضرات ‘ کے نام کیا جانے والے گانے ‘ بیگم شک کرتی ہے’ کو ابرارالحق نے خود لکھا اور کمپوز کیا ہے جبکہ ڈائریکشن ماریہ راجپوت کی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More