پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے ، وفاقی وزیرداخلہ

بول نیوز  |  Oct 27, 2021

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج وہ سیاہ دن ہے جب بھارتی غاصب فوج نے کشمیر پر قبضہ کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارتی غاصب فوج نے کشمیریوں کی آزادی کو کچلا ، آج پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

 دوسری جانب وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کشمیر کے یوم سیاہ پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 73 سال سے کشمیر میں غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق میں قراردادیں منظور کر رکھی ہیں ، بھارت کئی سال سے نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے ، کشمیری بھائی بہنیں اپنے حقوق کے لیے طویل جدوجہد کر رہے ہیں ، پنجاب اور پاکستان کی عوام کشمیری بھائیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ بھارت کے بدترین مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو بیدار ہونا چاہیے ، کشمیر میں حقوق انسانی کی بدترین خلاف ورزیوں پر عالمی کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا کہ ہم ہر لحاظ سے کشمیری مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، انشاءاللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو آزادی ملے گی۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت کا حق دلائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کشمیر پر مکمل سرنڈر کیا ہے۔ پاکستانی 22 کروڑ عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیری عوام پاکستانی حکمرانوں کے رویوں پر سخت نالاں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پپش کرتے ہیں، علی گیلانی شہید اور کشمیری قائدین کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ بھارت کے تمام ظلم و جبر کے باوجود کشمیر آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر اقوام عالم خاموش کیوں؟ کشمیری عوام بھارت کے خلاف دنیا بھر میں یوم سیاہ اور یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں۔

Adsence 300X250
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More