دنیامیں تمباکونوشی کرنیوالوں کی تعدادکتنی ہوگئی؟، ڈبلیوایچ اوکی رپورٹ

سماء نیوز  |  Nov 17, 2021

دنیا بھر میں تمباکو نوشی سے سالانہ لاکھوں افراد مرتے ہیں تاہم اب پتہ چلا ہے کہ عالمی سطح پر اس لت کے شکار افراد کی تعداد کم ہورہی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے بھی اس تصدیق کردی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) کے مطابق عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں تمباکو نوشی کرنیوالوں کی تعداد بتدریج کم ہوئی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے اس حوالے سے مزید اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی منگل کو جاری رپورٹ کے مطابق 2020ء میں تمباکو نوشی کرنیوالوں کی تعداد ایک ارب 30 کروڑ رہ گئی جو دو برس قبل ایک ارب 32 کروڑ تھی جبکہ 2025ء تک تمباکو نوشی کرنیوالوں کی تعداد ایک ارب 27 کروڑ رہ جانے کی توقع ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ تیدرس ادہانوم کا کہنا ہے کہ یہ بہت حوصلہ افزاء بات ہے کہ لوگ کم تعداد میں تمباکو نوشی کر رہے ہیں، لیکن ہمارا سفر ابھی طویل ہے، تمباکو کمپنیاں اپنے منافع کو بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گی۔

ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق تمباکو نوشی سے ہر سال 80 لاکھ افراد ہلاک ہوتے ہیں جبکہ 12 لاکھ ایسے افراد بھی مرتے ہیں جن کے اردگرد تمباکو نوشی ہوتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ تعداد میں کمی کے باوجود اموات میں اضافہ ہوگا کیونکہ تمباکو انسان کو آہستہ آہستہ ختم کرتا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا میں 60 ممالک 2010ء سے 2025ء تک تمباکو نوشی 30 فیصد کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، گزشتہ برس 36.7 فیصد مرد اور 7.8 فیصد خواتین تمباکو نوشی کررہی تھیں، زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ 13 سے 15 برس کے نوجوان بھی اس لت کا شکار ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ یورپی خواتین تمباکو نوشی کرتی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More