کیپیٹل ہل پر دھاوابولنے والےشخص کو سخت سزاسنادی گئی

سماء نیوز  |  Nov 18, 2021

امریکہ میں ایک وفاقی جج نے بدھ کو کیواے نان شیمن کے نام سے مشہور اس شخص کو 41 ماہ قید کی سزا سنائی ہے جس کی تصاویر سابق صدر ٹرمپ کے مبینہ حامیوں کے کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد وائرل ہوئی تھیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیواے نان شیمن کا اصل نام جیکب چانسلے ہے جسے عدالت نے 6 جنوری کو ایوان نمائندگان پر ہونے والے حملے میں اس کے کردار کی وجہ سے سزا سنائی ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس 6 جنوری کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مبینہ حامیوں نے گزشتہ برس ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایوان نمائندگان کی عمارت کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا۔

کیپیٹل ہل پر حملہ آور ہونے والوں میں جیکب چانسلے بھی شامل تھے اور ان کے منفرد روپ کی وجہ سے ان کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔ جیکب چانسلے نے رواں برس ستمبر میں اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا کہ انہوں نے کیپیٹل ہل میں جاری ایک سرکاری اجلاس میں مداخلت کرتے ہوئے ہزاروں دیگر افراد کے ساتھ عمارت پر دھاوا بولا تھا۔

حراست کے دوران چانسلے عارضی شیزوفرینیا، بائی پولر ڈس آرڈر، ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کے عارضوں میں مبتلا پائے گئے تھے۔ عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس بات پر مایوس تھے کہ صدر ٹرمپ نے انہیں صدارتی معافی نہیں دی۔

یاد رہے کہ کیپیٹل ہل حملے میں 4 افراد تشدد کی وجہ سے اپنی جان سے گئے تھے جب کہ مظاہرین کے تشدد سے ایک پولیس افسر ہلاک اور 140 پولیس اہل کار زخمی ہوئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More