رات کوپیدل چلنے والوں کیلئے دنیاکا محفوظ ترین ملک کونسا

سماء نیوز  |  Nov 19, 2021

عالمی سروے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو لوگوں کے رات کو پیدل چلنے والوں کیلئے دنیا کا محفوظ ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

گیلپ گلوبل کی جانب سے جاری لاء اینڈ آرڈر (امن وامان) 2021 رپورٹ میں متحدہ عرب امارات کا 95 فی صد اسکور رہا ہے اور اس کو رات کو بحفاظت چلنے کیلئے نمبر ایک ملک قرار دیا گیا ہے۔ سروے میں یورپی ملک ناروے دوسرے نمبر پر رہا جس کا اسکور 93 فیصد تھا۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے بدھ کو اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا کہ اگر کوئی عورت دن یا رات کے کسی بھی گھنٹے میں بلا خوف و خطر کسی جگہ اکیلی گھومتی پھرتی ہے تو جان لیں کہ وہ امارات میں ہے۔

یو اے ای امن و امان کے اعلیٰ ترین انڈیکس میں بھی دوسرے نمبر پر رہا ہے اور اسے ناروے کے بعد دنیا کا دوسرا محفوظ ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ اس سروے کے نتائج میں ان دونوں ملکوں نے بالترتیب 93 اور 94 پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔

شیخ محمد نے مزید کہا ہے کہ  کمانڈر خلیفہ بن زاید کی دانشمندی، محمد بن راشد کے وژن اور محمد بن زاید کی معاونت سے متحدہ عرب امارات نے ناصرف رات کے وقت آبادی کے گھومنے پھرنے میں پہلا مقام حاصل کیا ہے بلکہ گیلپ رپورٹ فار سیکیورٹی اینڈ آرڈر 2021ء کے نتائج کے مطابق دنیا میں محفوظ ترین ممالک میں بھی اس کا دوسرا نمبر ہے، اللہ یو اے ای کی حفاظت کرے اور اس کی سلامتی کو دوام بخشے۔

گیلپ کے امن و امان انڈیکس میں سب سے زیادہ اسکور حاصل کرنیوالے سرفہرست پانچ ممالک میں ناروے (94 فیصد)، متحدہ عرب امارات (93 فیصد)، چین (93 فیصد)، سوئٹزرلینڈ (93 فیصد) اور فن لینڈ (92 فیصد) شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رات میں تنہا چلنے والے افراد کیلئے 5 محفوظ ترین ممالک میں سرفہرست متحدہ عرب امارات (95 فیصد)، ناروے (93 فیصد)، چین (91 فیصد)، سلووینیا (91 فیصد) اور تائیوان (89 فیصد) شامل ہیں۔

سروے رپورٹ کے نتائج قانون کی حکمرانی میں اپنی حفاظت اور سلامتی کے بارے میں لوگوں کے تصور و ادراک پر مبنی تھے۔ یہ سروے 2020ء اور 2021ء کی پہلی ششماہی کے دوران میں کئے گئے تھے، اس عرصے میں کرونا وائرس کی وبا عروج پر تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More