آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی زیرِملکیت چلنے والے پیٹرول پمپس بھی بند

سماء نیوز  |  Nov 25, 2021

پیٹرولیم ڈیلرز نے ملک گیر ہڑتال کی کال دی توآئل کمپنیوں سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کمپنی کی زیرملکیت چلنے والے پیٹرول پمپس کھلے رہیں گے تاہم جمعرات کی صبح توقعات کے برعکس کم پمپس کھلے رہے۔

جمعرات کو ملک بھر میں پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے دوران سرکاری طور پر چلنے والی پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور سب سے بڑی نجی تیل کمپنی شیل پاکستان نے اپنے زیر ملکیت چلنے والے پیٹرول پمپس کو کھلا رکھا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بدھ کے روز آئل کمپنیوں کو سپلائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی جب کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جمعرات کی صبح کراچی کے شارع فیصل پرحیسکول کا صرف ایک پیٹرول پمپ کھلا تھا جب کے باقی پیٹرول پمپس بند تھے۔ سماء ڈیجیٹل کے رابطہ کرنے پر حیسکول کمپنی میں کام کرنے والے ایک آفیسر نے بتایا کہ کمپنی نے ابھی تک حیسکول کے زیر ملکیت چلنے والے ان پمپس کی فہرست تیار نہیں کی ہے جو ہڑتال کے دوران کھلے رہیں گے۔ تقریبا 9 بج کر 30 منٹ پر کمپنی کے ایک آفیسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ پیٹرول پمپس کھلے رکھنے کے حوالے ایک میٹنگ جاری ہے اور تقریبا 2 گھنٹے میں حتمی لسٹ تیار ہوجائے گی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی کے زیر ملکیت ایک پیٹرول پمپ شاہراہ فیصل اور ایک پورٹ قاسم میں کھلا ہے۔

گیس اینڈ آئل کمپنی کے ایک آفیسر نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ کراچی زون میں موجود پیٹرول پمپس پر لوگوں کی زیادہ تعداد اور عوام کے درمیان لڑائی کے پیش نظر پیٹرول پمپس بند کردئیے گئے ہیں۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں میں بعض پیٹرول پمپس بعض مسائل کی وجہ سے بند ہیں۔اسی طرح کراچی میں سفورا اور نیپا سمیت دیگر علاقوں میں موجود ٹوٹل پارکو پمپس بند ہیں۔

 جمعرات کی صبح کھلنے والے کمپنی کی زیرملکیت کھلنے والے پیٹرول پمپوں پر طویل قطاریں نہیں دیکھی گئیں جو گزشتہ رات دیکھی گئی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں کی اکثریت گھر جانے سے پہلے اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکل کے ٹینک بھرچکی تھی۔یہ بدھ کی رات دیکھنے میں آنے والی صورتحال کے بالکل برعکس تھی جب گاڑی چلانے والوں نے پمپوں کے آگے لمبی قطاریں لگائیں جس کی وجہ سے عوام کو گھروں تک پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔

وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے بدھ کی شب اعلان کیا کہ 25 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرولیم کمپنیوں کے زیر ملکیت چلنے والے تمام پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

 ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ مالکان کے مارجن میں اضافے کا کیس اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، وزارت پیٹرولیم ڈیلرز سے مذاکرات کرنے کیلیے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More