صلاح الدین ایوبی ہمارے ہیرو نہیں ہیں، عفت عمر

سماء نیوز  |  Nov 27, 2021

ماڈل، اداکارہ و میزبان عفت عمر کو ایک بار پھر اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر تنقید کا سامنا ہے،ان کا کہنا ہے کہ صلاح الدین ایوبی ہمارے ہیرو نہیں ہیں۔

ایک ٹی وی شو میں میزبان نعمان اعجاز سے گفتگو کرتے ہوئے عفت عمر نے کہا کہ اگر میں موجودہ حکومت کی خامیاں تلاش کرتی ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میرا کسی سیاسی جماعت سے تعلق ہے، اگر ایک ادارہ دوسرے ادارے کے کام میں مداخلت نہ کرے تو ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔

ماڈل و اداکارہ نے کہا کہ ہمیں امن، تعلیم اور سائنس کی ضرورت ہے، اگلے 30 سالوں میں ٹیکنالوجی تمام چیزوں پر حاوی ہو جائے گی۔

شو میزبان نے پاکستان اور ترکی کے مشترکہ تعاون سے صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والے ڈرامے کے حوالے سے پوچھا تو عفت عمر نے کہا کہ ترکوں نے ہم پر حملہ کیا، ہمیں افسانوی کرداروں کی ضرورت نہیں، ہمیں سائنسدانوں کی کہانیوں کی ضرورت ہے، پاکستان میں ایک بھی سائنسدان نہیں جو پوری دنیا میں مشہور ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ صلاح الدین ایوبی ہمارے ہیرو نہیں ہیں، جب سے ہمارا ملک بنا ہے پاکستانیوں میں اس بات کا رجحان پایا جاتا ہے، ہم اپنے آپ کو برتر سمجھتے ہیں، ہماری تاریخ برصغیر کی ہے، ہمیں اس کی توثیق کرنے کی ضرورت ہے، ہماری تاریخ ترکی کی نہیں ہے۔

اداکارہ کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچادیا جبکہ ماضی میں بھی ان کی موجودہ حکومت پر تنقید کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More