اومیکرون: پاکستان کی کووڈ کی نئی قسم کے خطرے پر ہانگ کانگ سمیت سات ممالک پر سفری پابندیاں، جنوبی افریقہ عالمی ردعمل پر ناراض

بی بی سی اردو  |  Nov 27, 2021

Getty Images

پاکستان نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے پیش نظر سات ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

ملک میں کورونا کی صورتحال کے نگراں ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق جن ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں ہانگ کانگ، جنوبی افریقہ، موزمبیق، نمیبیا، لیسوتھو، ایسواتینی اور بوٹسوانا شامل ہیں۔

کورونا وائرس کی نئی قسم (B.1.1.529) کو اومیکرون کا نام دیا گیا ہے اور اس کے پہلے کیسز جنوبی افریقہ میں دریافت کیے گئے تھے۔ عالمی ادارہِ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق یہ نئی قسم انتہائی 'باعثِ تشویش' ہے اور ابتدائی شواہد کے مطابق اس نئی قسم میں ری انفیکشن کا خطرہ دیگر اقسام سے زیادہ ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ان ممالک سے آنے والے ’‏پاکستانی مسافروں کو ہنگامی صورتحال میں پروٹوکول کے تحت سفر کی اجازت ہوگی۔ ‏مسافروں کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ، منفی پی سی آر اور ریپڈ ٹیسٹ رپورٹ درکار ہو گی۔‘

’‏منفی رپورٹ والے مسافروں کو تین روز کا لازمی قرنطینہ کرنا ہو گا۔ ‏مذکورہ ممالک میں پھنسے پاکستانی پانچ دسمبر تک سفری پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔‘

نوٹیفکیشن کے تحت ‏سفری پابندیوں سے مستثنیٰ مسافروں پر ہیلتھ پروٹوکول کا اطلاق لازمی ہو گا۔

BBC

کورونا کی ’باعثِ تشویش‘ نئی قسم اومیکرون کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں

کورونا وائرس کی نئی انڈین قسم: کیا ویکسینز اس کے خلاف مؤثر ہوں گی؟

ڈبل میوٹینٹ: انڈیا میں کورونا وائرس کی نئی قسم کتنی خطرناک ہے؟

کووڈ 19 کی ویکسین سے متعلق خدشات میں کتنا سچ کتنا جھوٹ؟

این سی او سی نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ کووڈ کی نئی قسم اومیکرون کی آمد کے ساتھ اب ایک بار پھر ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں جس میں ویکسینیشن، ماسک اور سماجی فاصلہ ضروری ہیں۔

این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر کہتے ہیں کہ اومیکرون کے پھیلاؤ کی وجہ سے اب 12 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو جلد ویکسین لگانا اور بھی ضروری ہو گیا ہے۔

’جنوبی افریقہ کو اومیکرون کی دریافت پر سزا دی گئی‘

ادھر جنوبی افریقہ نے شکایت کی ہے کہ اسے کووڈ 19 کی نئی قسم اومیکرون کی دریافت پر داد دینے کی بجائے سزا دی جا رہی ہے۔

Reutersجنوبی افریقہ میں اب تک صرف 24 فیصد آبادی کو مکمل ویکسین دی جاچکی ہے

جنوبی افریقہ کی وزارت خارجہ نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے کہ جب دنیا کے کئی ممالک نے جنوبی افریقی ممالک میں وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو بنیاد بنا کر ان پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

یورپ میں اومیکرون کے متعدد متاثرین کی تصدیق کی گئی ہے۔ ان میں برطانیہ میں دو، جرمنی میں دو، بیلجیئم میں ایک، اٹلی میں بھی ایک جبکہ چیک ریپبلک میں ایک مشتبہ کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا کی نئی قسم کے متاثرین بوٹسوانا، ہانگ کانگ اور اسرائیل میں بھی پائے گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ سے نیدرلینڈز آنے والے سینکڑوں مسافروں میں اومیکرون کی تشخیص کی گئی ہے۔

جنوبی افریقہ نے 24 نومبر کو عالمی ادارہ صحت کو بتایا تھا کہ ان کے ملک میں کورونا کی ایک نئی قسم کی تشخیص کی گئی ہے۔

اپنے بیان میں جنوبی افریقہ کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’زبردست سائنس پر داد ملنی چاہیے، نہ کہ سزا۔‘

’یہ پابندیاں جنوبی افریقہ کو اس کی جدید جینومک سیکوئنسنگ اور جلد نئی اقسام کی تشخیص کی صلاحیت پرسزا دینے کے مترادف ہیں۔‘

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کووڈ کی نئی قسم دنیا میں کہیں اور دریافت ہوئی ہوتی تو اس پر عالمی ردعمل بالکل مختلف ہوتا۔

افریقی یونین کے ایک اہکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ کووڈ کی نئی قسم کی آمد کے قصوروار ترقی یافتہ ممالک ہیں۔

خیال رہے کہ متعدد ممالک بشمول برطانیہ، کینیڈا، اور امریکہ نے جنوبی افریقہ اور اس کے اردگرد خطے کے ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ جبکہ یورپی یونین کی پابندیوں کا اطلاق پیر سے ہوگا۔ انڈیا نے بھی تمام ریاستوں کو الرٹ جاری کیا ہے کہ جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کو لازم بنایا جائے۔

برطانیہ میں صحت کے شعبے سے منسلک پروفیسر جیمز نیسمتھ نے متنبہ کیا ہے کہ یہ عین ممکن ہے کہ موجودہ ویکسینز وائرس کی اس نئی قسم کے خلاف اتنی موثر ثابت نہ ہوں۔ ’یہ بُری خبر ہے لیکن ابھی قیامت نہیں ٹوٹ پڑی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More