ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ؛ تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

بول نیوز  |  Nov 28, 2021

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ اور عدلیہ پر دیگر الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دینے سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

بول نیوز کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ پیر کی صبح سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ اور عدلیہ پر دیگر الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کریں گے۔

تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کے لئے درخواست سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر صلاح الدین احمد اور سید حیدر امام رضوی نے دائر کی ہے۔ درخواست میں سیکریٹری قانون اور چاروں صوبوں کے محکمہ داخلہ سیکرٹریز کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے منسوب آڈیو ٹیپ نے عدلیہ کے وقار کو نقصان پہنچایا ہے ، آڈیو ٹیپ سے تاثر ملتا ہے کہ عدلیہ بیرونی قوتوں کے دباؤ میں ہے، عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے یہ تعین کرنا ضروری ہے کہ آڈیو جعلی ہے یا اصلی؟

درخواست مٰں مزید کہا گیا ہے کہ آئینی عدالت ہونے کے ناطے عوام کا آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے، عدلیہ کو اپنے نام کے تحفظ کے لیے آزاد خودمختار کمیشن تشکیل دینا چاہیے ، اچھی شہرت کے حامل ریٹائرڈ جج،وکیل ،صحافی، سول سوسائٹی کے افراد پر مشتمل آزاد خود مختار کمیشن تشکیل دیا جائے، جو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی چھان بین کرے، کمیشن کو کہا جائے کہ وہ ٹی او آر بنائے اور عدلیہ پر دیگر الزامات کی بھی چھان بین کرے۔

Square Adsence 300X250
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More