فلم اسٹارز کی فلم انڈسٹری کی بحالی کےلئے حکومت کو تعاون کی پیش کش

سماء نیوز  |  Dec 05, 2021

پاکستان فلم انڈسٹری کے دو سینئر فنکاروں شاہد اور مصطفی قریشی نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے حکومت کو تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم چاہیں تو انہیں فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے تجاویز دے سکتے ہیں۔

کراچی پریس کلب میں کلچرل کمیٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے فلم اسٹار شاہد نے کہاکہ ضیاء الحق کے دور میں فلم انڈسٹری کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا گیا جبکہ بھٹو صاحب کے دور میں فلم انڈسٹری کو ترقی ملی تھی اور فنکاروں کی پذیرائی کی جاتی تھی۔

اس موقع پر سینئر فلم اسٹار مصطفی قریشی، اداکار عدنان جیلانی، اسلم شیخ آرٹس فائونڈیشن کے فیصل ندیم، بابر عباسی، نواب کیفی، مرزا افتخار بیگ، راجہ کامران، آفتاب خان اور سلیم آفریدی کے علاوہ اطہر جاوید صوفی، رشید میمن اور پریس کلب کی کلچرل کمیٹی کے سیکریٹری عبدالوسیع قریشی نے بھی خطاب کیا۔

کراچی پریس کلب کی جانب سے فلم اسٹار شاہد اور مصطفی قریشی کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ اداکار شاہد نے مزید کہا کہ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے حسن طارق سمیت دیگر باکمال ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ کراچی والوں نے مجھے ہمیشہ بہت پیار دیا ہے۔ ایسا پیار مجھے لاہور میں بھی نہیں ملتا۔

مصطفی قریشی نے کراچی پریس کلب کی کلچرل کمیٹی کے ارکان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں کراچی پریس کلب میں سب سے زیادہ ثقافتی سرگرمیاں ہوتی ہیں۔ اسلم شیخ نے کہا کہ شاہد صاحب آنے والے فنکاروں کے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔

تقریب میں صحافیوں کے علاوہ شاہد کے پرستاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ کلچرل کمیٹی کے سیکریٹری عبدالوسیع قریشی نے اعلان کیا کہ فلم انڈسٹری میں شاہد صاحب کے 50 سال مکمل ہونے پر جلد ہی ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں لاہور سے بھی فنکاروں کو مدعو کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More