حریم شاہ کی مشکلات میں اضافہ، ایک اور نوٹس جاری

سماء نیوز  |  Jan 13, 2022

ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کی مزاق میں بنائی گئی ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔

ٹک ٹاکر حريم شاہ کا پاکستان سے بھاری رقم ليکر با آسانی لندن پہنچنے کا پہلے دعویٰ کیا لیکن جب ايف آئی اے نے منی لانڈرنگ کی تحقيقات شروع کیں تو حريم شاہ نے يوٹرن لے ليا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ حریم شاہ کی منی لانڈرنگ کے جرم کے اعتراف اور بعد میں اسے ’تفریحی ویڈیو‘قرار دیتے ہوئے انکار کرنے کی ویڈیوز کا نوٹس لے لیا۔

عمران ریاض نے کہا یہ سائبر اسپیس کا استعمال کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کی تضحیک کرنے، خلل ڈالنے اور انہیں بدنام کرنے کا عمل ہے اور یہ سائبر اسپیس میں منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے کہا حریم شاہ کے خلاف سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی میں انکوائری درج کرلی گئی ہے اور حریم شاہ کے موقف کی وضاحت کے لیے انہیں باضابطہ نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔

کھلم کھلا منی لانڈرنگ؟ حريم شاہ نے يوٹرن لے ليا گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ٹک ٹاکر حریم شاہ نے اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے پاس بین الاقوامی کرنسی موجود ہے، اپنے ہاتھ میں لاکھوں پاونڈز اٹھائے ہوئے حریم نے انکشاف کیا کہ اس نے حال ہی میں لندن کے لیے فلائٹ لی ہے اور اگرچہ ٹک ٹاکر بحفاظت لندن پہنچ گئی لیکن اسے ابھی معلوم ہوا کہ اتنی رقم برطانیہ کی پروازوں میں لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔حریم نے کہا آپ “اگر آپ پاکستان سے برطانیہ جا رہے ہیں تو ہوشیار رہیں، میرے خیال میں آپ تقریباً 2000 پاؤنڈ لے جا سکتے ہیں اور اگر آپ حد سے تجاوز کریں گے تو آپ کے لیے پریشانی پیدا ہوسکتی ہے۔

ٹک ٹاکر حریم شاہ کا لندن پہنچنے پر کہنا تھا کہ میں تو اتنی بڑی رقم لے کر آرام سے لندن پہنچ گئی کسی نے روکا نہیں، پاکستانی کرنسی کی کوئی اہمیت نہیں چاہے لاکھوں میں بھی ہو ۔

ٹک ٹاکرحريم شاہ کی غيرملکی کرنسی کيساتھ ويڈيو وائرل ہوئی تو ايف آئی اے نے حريم شاہ کےخلاف تحقيقات شروع کرديں۔

ڈی جی ایف آئی اے سندھ عامر فاروقی کے مطابق حریم شاہ نے 10 جنوری کی رات کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دوحا کے لیے سفر کیا تھا۔

ایف آئی اے حکام کی جانب سے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں نیشنل کرائم ایجنسی سے کارروائی کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں حریم شاہ بھاری رقم منتقلی کا اعتراف کر رہی ہیں، حریم شاہ کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے سندھ کے مطابق غیر قانونی طریقے سے کرنسی منتقلی منی لانڈرنگ میں آتی ہے تاہم تحقیقات میں پاکستان کسٹمز اور ائیرپورٹ سکیورٹی فورس سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں

بعدازاں سماء نے ٹک ٹاکر حریم شاہ سے جب پوچھا کہ کيا ماجرا ہے تو ٹک ٹاکر حريم شاہ نے یوٹرن لے لیا ۔

حريم شاہ نے کہا کہ میں نے مزاق میں ویڈیو بنائی تھی پاکستان سے کوئی رقم ليکر نہيں آئی،لندن ميں گاڑي فروخت کرکے رقم ملی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More