عمران خان کا کہنا ہے کہ میری جان لینے کی سازش ہورہی ہے، ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرادیا جس میں تمام سازشیوں کے نام ہیں۔سیالکوٹ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ کسی انسان کے سامنے سر جھکاتے ہیں اور نہ کسی سپر پاور کے آگے جھکتے ہیں، ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈر کی امت سے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ کے جنون کو سلام پیش کرتا ہوں، نواز شریف جتنے بڑے بزدل تم ہو، اتنی تمہاری پارٹی ہے، ہم نے ایک بار بھی ان کے جلسے اور لانگ مارچ روکنے کی کوشش نہیں کی، ہر تین ماہ بعد یہ حکومت گرانے آتے تھے اور تمہارے ساتھ سب سے بڑی بیماری زرداری تھا اور ڈیزل کے پرمٹ بیچنے والا بھی تھا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف نے نہ بزنس ایمانداری سے کیا نہ الیکشن ایمانداری سے لڑتا ہے، پرویز مشرف کے دور میں نواز شریف جھوٹ بول کر دم دبا کر باہر بھاگا، ایسا لگتا تھا کہ نواز شریف جہاز کی سیڑھیاں بھی نہیں چڑھ پائے گا، ایسی اداکاری کی بالی ووڈ میں رول مل سکتا ہے، لندن کی ہوا لگتے ہی نواز شریف کی ساری بیماری ختم ہوگئی۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ میرے خلاف بند کمروں میں ایک سازش ہورہی ہے، سازش کرنیوالے چاہتے ہیں عمران خان کی جان لے لی جائے، میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروا کر محفوظ جگہ پر رکھوا دی ہے، مجھے کچھ ہو جائے تو یہ ویڈیو پوری قوم کو دکھائی جائے، جو جو سازش میں ملوث ہے ویڈیو میں ایک ایک کا نام لیا ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے کچھ ہوا تو چاہتا ہوں آپ کو پتہ چلے سازش میں کون ملوث تھا، چاہتا ہوں جس جس نے غداری کی قوم کے سامنے سب کی شکلیں آئیں۔انہوں نے وزیر دفاع پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف بتائیں کہ اس ملک کو وینٹی لیٹر پر کس نے ڈالا، ہمیں تو صرف 4 سال حکومت ملی، شریفوں اور زرداریوں کے خاندان نے ملک پر 30 سال حکومت کی، ملک کا پیسہ باہر لے کر ہمارے ملک کو مقروض کیا، عوام بتائیں کیا امریکا کی غلامی منظور ہے؟، ہمیں امریکا کی غلامی اس لئے قبول نہیں کیونکہ ہم محمد ﷺ کے امتی ہیں۔