بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا ہے اور ان کی پہلی فلم رواں برس ہی ریلیز ہوگی۔بالی ووڈ ایک ایسی نگری ہے جس کی چکا چوند ہر ایک کو اپنا اسیر بنالیتی ہے، اس میں کروڑوں دلوں کی دھڑکن بننے والے کرکٹرز بھی شامل ہیں۔گزشتہ 7 دہائیوں کی بات کی جائے تو کرکٹرز کا اشتہارات میں کام کرنا معمول کی بات ہے لیکن کئی ایسے کھلاڑی بھی ہیں جنہوں نے باقاعدہ اداکاری بھی کی اور بڑے پردے پر ناظرین کو نظر آئے۔سنیل گواسکر، کپل دیو، چیتن شرما، اجے جدیجا اور ونود کامبلی نے فلموں میں کام کیا لیکن کوئی بھی کرکٹر فلم نگری میں اپنی جگہ نہیں بنا پایا تاہم یہ سب دیکھنے کے بعد بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شیکھر دھون نے بالی ووڈ میں باقاعدہ طور پر قدم رکھ دیا ہے۔شیکھر دھون ایک بڑے پروڈکشن ہاؤس کی فلم سے اپنے کیرئیر کا آغاز کررہے ہیں اور فلم میں اپنے کردار کی شوٹنگ بھی مکمل کر چکے ہیں۔شیکھر دھون کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ فلم میں شیکھر مہمان اداکار کے طور پر نظر نہیں آئیں گے، ان کا فلم میں اہم کردار ہے اور وہ اس سے خوش بھی ہیں۔بھارتی کرکٹر کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ شیکھر دھون فلمی ستاروں کی بہت قدر کرتے ہیں، ان کی کئی سپر اسٹارز سے گہری دوستیاں ہیں، جن میں اکشے کمار اور رنویر سنگھ بھی شامل ہیں۔بھارتی کرکٹ ٹیم میں ’گبر‘ کے نام سے مشہور شیکھر گزشتہ برس اکشے کمار کی زیر تکمیل فلم ‘رام سیتو’ کے سیٹ پر دیکھے گئے تھے۔ فلم میں جیکولین فرنینڈس اور نصرت بھروچا بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ شیکھر کے سیٹ پر جانے سے افواہیں پھیل گئیں کہ وہ بھی فلم کا حصہ ہیں۔