ہماری خارجہ پالیسی امریکا نہیں ہم خود بنائیں گے، عمران خان

سماء نیوز  |  May 17, 2022

عمران خان کہتے ہیں کہ شہباز شریف فوجی اور امریکی بوٹ پالش کرکے وزیراعظم بنا، یہ امریکا کو کہیں گے کہ ڈالر دیں ورنہ عمران خان آجائے گا، امریکا ان سے مزید غلامی کروائے گا، ہماری خارجہ پالیسی امریکا نہیں ہم خود بنائیں گے۔

کوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو حکم ملا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھائی جائے، امپورٹڈ حکومت پر خوف طاری ہے کیونکہ ان کے پیچھے ٹائیگرز اور آگے سمندر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کا بہت شوق تھا، کیونکہ اس کا بڑا بھائی تین بار وزیراعظم بن چکا، شہباز شریف نے وزیراعظم بننے کیلئے بہت محنت کی، اس کا خاص فن جوتے پالش کرنے کا ہے، یہ دو قسم کے جوتے ’ایک فوجی اور دوسرا امریکی‘ بڑی اچھی طرح پالش کرتا ہے۔

چیئرمین پی ٹٰ آئی نے کہا کہ بوٹ پالش کرکے شہباز شریف وزیراعظم بن گیا لیکن اس کے سب سے زیادہ مزے آصف زرداری لے رہا ہے، ن لیگ پر زرداری آج واقعی بھاری ہے، مہنگائی اور اسٹاک ایکسچینج گرنے پر ساری گالیاں شہباز شریف کو پڑ رہی ہیں، زرداری وفاق میں بھی اور سندھ پر بھی قبضہ کرکے بیٹھا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہباز، زرداری اور فضل الرحمان نے مل کر ہماری حکومت گرائی، اب ان کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ امریکیوں کو کہیں گے کہ عمران خان آجائے گا ہمیں ڈالر دیں، میں امریکیوں کو اچھی طرح جانتا ہوں وہ کبھی ایسے ڈالر نہیں دیتے، وہ پہلے ان سے مزید غلامی کروائیں گے، وہ کہیں گے کہ فارن پالیسی ہمارے حکم پر چلے گی، یہ حکم دے چکے ہیں کہ روس سے تیل پاکستان نہیں منگواسکتے، ہم نے 30 فیصد کم قیمت پر تیل اور گندم کا معاہدہ کیا تھا، انہوں نے آتے ہی یہ معاہدے ختم کردیئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More