ٹیسٹ چیمپیئن شپ، پاکستان کی نظریں سری لنکن ٹیسٹ سیریز پر

اردو نیوز  |  Jul 16, 2022

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا اہم ٹیسٹ میچ سنیچر سے گال میں شروع ہو گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

اگر پاکستان کی ٹیم یہ ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی راہ مزید ہموار ہو جائے گی۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین ابھی تک کُل 55 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے ہیں جس میں پاکستان نے 20 اور سری لنکا نے 16 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 19 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔

گال کے تاریخی سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے اب تک درمیان 5 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے ہیں جس میں پاکستان نے 2 جبکہ سری لنکا نے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

گال کرکٹ سٹیڈیم کی پچ کو سپنرز کے لیے بہت فائدہ مند سمجھا جاتا ہے اسی لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی پلیئنگ الیون میں یاسر شاہ اور نعمان علی کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری طرف سری لنکن ٹیم میں آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو پر غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے پرابھاتھ جایاسوریا کو کھلائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے.

پاکستان کرکٹ ٹیم بیٹنگ میں کپتان بابر اعظم، اظہر علی، فواد عالم اور امام الحق پر انحصار کرے گی، جبکہ سری لنکن ٹیم کپتان ڈیموتھ کرونارتنے، انجیلو میتھیوز، دینیش چندیمل اور پاتھم نشاںکا پر بھروسہ کرے گی۔

پاکستان کے سکواڈ میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ عبداللہ شفیق، اظہر علی اور فواد عالم سمیت دوسرے کھلاڑی شامل ہیں (فوٹو: روئٹرز)اس سے پہلے سوموار کے روز پاکستان اور سری لنکا کرکٹ الیون کے درمیان ہونے والا تین روزہ پریکٹس میچ ڈرا ہوگیا تھا.

پاکستانی ٹیم کا سکواڈ:بابر اعظم (کپتان)، عبد اللہ شفیق، اظہر علی، آغا سلمان، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، حارث رؤف، محمد رضوان، امام الحق، نسیم شاہ، محمد نواز، نعمان علی، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل، یاسر شاہ، شان مسعود۔

سری لنکن ٹیم کا سکواڈ:ڈموتھ کرونارتنے، دینیش چندیمل، دھننجایا ڈی سلوا، نروشان ڈک ویلا، وشوا فرنینڈو، اوشادا فرنینڈو، اشیتھا فرنینڈو، پرابھاتھ جایاسوریا، دلشان مدھوشنکا، انجیلو میتھیوز، کوشل مینڈس، کامنڈو مینڈس، رمیش مینڈس، پاتھم نشانکا، کاسن راجیتھا، ماہیش تھیکشانا، جیفری وینڈرسے، دونیتھ ویلالاگے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ سنیچر کے روز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9:30 بجے گال میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More