سیشن جج کو شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دوبارہ سننے کا حکم

اردو نیوز  |  Aug 16, 2022

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیشن جج کو تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دوبارہ سننے کا حکم دے دیا ہے۔

منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ’ایڈووکیٹ جنرل کی دوبارہ جائزہ لینے کی درخواست قابل سماعت ہے، سیشن جج درخواست کو قابل سماعت جان کر میرٹ پر فیصلہ کریں۔‘

عدالت نے حکم دیا کہ ’ایڈووکیٹ جنرل کی درخواست سیشن کورٹ میں زیر التوا تصور کی جائے، آج ہی جسمانی ریمانڈ پر دوبارہ جائزے کی درخواست سیشن کورٹ میں سنی جائے۔‘

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو سیشن جج کے پاس پیش ہو کر دلائل دینے کی ہدایت کی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو نو اگست کو بنی گالہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد سیشن کورٹ نے مزید جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، جس کے خلاف ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے درخواست دی گئی تھی۔

شہباز گِل کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتویدوسری جانب اسلام آباد کی سیشن عدالت میں ‏شہباز گل کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہائی کورٹ کا حکم نامہ موصول ہونے تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری نے کہا ہے کہ ’اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم نامہ آنے کے بعد درخواست کو دیکھتے ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More