اسلام آباد میں پاکستانی نژاد کینیڈین خاتون کا قتل: ’ورزش کے لیے استعمال ہونے والے ڈم بیلز سے مارا‘

بی بی سی اردو  |  Sep 23, 2022

Getty Imagesفائل فوٹو

اسلام آباد پولیس کے مطابق پاکستان کے وفاقی دارالحکومت کے علاقے چک شہزاد میں جمعے کے دن کینیڈا کی شہریت رکھنے والی ایک خاتون کے قتل کے الزام میں ان کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد پولیس سہیل ظفر چٹھہ نے بی بی سی کی حمیرا کنول کو بتایا ہے کہ پولیس کو تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے چک شہزاد میں ایک گھر کے غسل خانے سے مقتولہ سارہ انعام کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جو سینئر صحافی اور سابق رکن قومی اسمبلی ایاز امیر کی بہو تھیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ اس نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مقتولہ کو ورزش کے لیے استعمال ہونے والے بھاری بھرکم ڈم بیل سے تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اسے جائے وقوعہ پر خون کے دھبے صاف کرتے ہوئے پایا گیا۔

یہ واقعہ کیسے پیش آیا؟

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی صبح 10 سے 11 بجے کے درمیان پیش آیا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس کو صبح واردات کی اطلاع ملی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی ٹیم تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں گشت کر رہی تھی جب وہاں کے ایک گھر کے مکین نے پولیس کو بتایا کہ ان کے ہمسائے میں ایک گھر سے بہت دیر تک چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں مگر اب خاموشی چھا گئی ہے۔

اس اطلاع پر پولیس نے اس گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

پولیس کے مطابق کچھ دیر تک جواب نہ ملنے پر پولیس جب گھر میں داخل ہوئی تو ملزم اپنے بیڈ روم کا خون آلود فرش دھو رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ’جب پولیس وہاں پہنچی تو وہ کمرے کافرش دھو رہا تھا۔ اس نے اپنی اہلیہ کو کمرے میں قتل کیااور پھر اس کی لاش گھسیٹ کر باتھ ٹب میں لے گیا۔‘

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد پولیس سہیل ظفر چھٹہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ ’گھر کے واش روم سے تشدد زدہ لاش ملی جس کے سر پر زخموں کے نشانات تھے۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’ملزمنے اپنی بیوی کو وزرش کے لیے استعمال ہونے والی ڈم بیلز سے تشدد کا نشانہ بنایا اور بظاہر اسی تشدد سے ان کی موت ہوئی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مقتولہ کے پورے جسم پر اس سے تشدد کیا گیا۔‘

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں اپنی بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

https://twitter.com/ICT_Police/status/1573205736309538816

مقتولہ کون تھیں؟

پولیس نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ مقتولہ سارہ سینیئر صحافی ایاز امیر کی بہو ہیں جبکہ ان کے بیٹے کو قتل کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی سہیل ظفر نے بتایا کہ مقتولہ سارہ انعام کینیڈین کی شہری تھیں اور دوبئی میں نوکری کرتی تھیں۔

پولیس کام کہنا ہے کہ مقتولہ کے والد سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے لواحقین سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ کینیڈین سفارتخانے سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق تفتیش کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے فوری پوسٹ مارٹم کروایا ضروری ہے جس کے لیے لواحقین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنا ہو گا اور پوسٹ مارٹم بھی کروایا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اگر مقتولہ کے خاندان سے رابطہ نہیں ہو سکا تو پھر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا اور تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More