ناک سے ٹائپنگ، لمبی ترین زبان، دنیا کے 10 عجیب و غریب ریکارڈز ۔۔ آخر کیسے بنے؟

ہماری ویب  |  Oct 05, 2022

ہر انسان دنیا میں نام پیدا کرنے کی خواہش رکھتا ہے اور کچھ لوگ اپنی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کڑی محنت اور کچھ لوگ ایسے عجیب و غریب کام کرتے ہیں کہ دنیا حیران رہ جاتی ہے اور لوگوں کے یہ کارنامے تاریخ کے پنوں پر ہمیشہ کیلئے امر ہوجاتے ہیں۔ دنیا میں ہر سال ہزاروں نئے ریکارڈز بنتے ہیں جن میں سے کچھ بہت ہی عجیب ہوتے ہیں۔ آج ہم آپ کو دنیا کے 10 عجیب و غریب ریکارڈز کے بارے میں بتائیں گے۔

کپڑوں پر آگ لگا کر اسٹنٹ

آپ نے اکثر فلموں میں ہیرو کو گھوڑے یا گاڑی کے پیچھے باندھ کر گھسیٹتے دیکھا ہوگا لیکن حقیقی زندگی میں ایسا شائد ناممکن ہو مگر آسٹریا کے جوزف ٹوڈلنگ نامی اسٹنٹ مین نے کپڑوں پر آگ لگا کر حقیقت میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ جوزف ٹوڈلنگ کو گھوڑے نے دور تک کھینچا اور ورلڈ ریکارڈ تک لاکر چھوڑا۔

سب سے لمبی زبان

فلموں اور ڈراموں میں ہی نہیں بلکہ حقیقی زندگی میں اکثر لوگ دوسروں کو زبان لمبی ہونے کا طعنہ دیتے ہیں تاہم اس کا مطلب ہرگز زبان کی لمبائی نہیں بلکہ سامنے والے کی گفتار کی وجہ سے یہ طعنہ دیا جاتا ہے لیکن کیلیفورنیا کے نک اسٹوبرل نے 10 اعشاریہ 10 سینٹی میٹر کی زبان کے ساتھ دنیا میں سب سے لمبی زبان رکھنے والے انسان کا اعزاز حاصل کیا۔ آپ انہیں شوق سے لمبی زبان کا طعنہ مارسکتے ہیں اور دلچسپ بات تو یہ ہے کہ آپ کے اس طعنے سے وہ ناراض نہیں بلکہ خوش ہونگے کیونکہ یہ لمبی زبان انہیں ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بناچکی ہے۔

سب سے زیادہ ٹیلی فون ڈائریکٹریز پھاڑنا

خواتین کو صنف نازک کہا جاتا ہے لیکن یہی صنف نازک کبھی کبھی صنف آہن بن کر بڑے بڑے سورماؤں کو بھی دھول چٹا دیتی ہیں ایسی ہی ایک خاتون لینزے لینڈر برگ بھی ہیں جنہوں نے ایک منٹ میں ایک ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ٹیلیفون ڈائریکٹریز کے پرزے پرزے کردیے اور صرف ایک نہیں بلکہ 5 ڈائریکٹریاں پھاڑ کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

جسمانی تبدیلیاں

خواتین کیلئے جسمانی خوبصورتی اگر سب سے بڑے مسائل میں سے ایک کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ ہر خاتون بالکل سلم اسمارٹ اور خوبصورت نظر آنا چاہتی ہے لیکن دنیا میں ایسی خواتین کی بھی کوئی کمی نہیں جو اپنے جسم کو عجیب و غریب بنانے کیلئے تبدیلیاں کرتی ہیں۔ ایسی ہی میکسیکو سے تعلق رکھنے والی ماریا جوز کرسٹینا بھی ہیں جنہوں نے اپنے جسم میں 49 تبدیلیاں کرکے ماریہ ’دی میکسیکن ویمپائر لیڈی‘ کے نام سے شہرت پائی اور ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔

کاسمیٹک سرجریز

خواتین اپنی خوبصورتی کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہیں لیکن امریکی خاتون سنڈی جیکسن اس حوالے سے کچھ زیادہ ہی کریزی ہیں جنہوں نے اپنی خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے 47 بار کاسٹمیٹکس سرجری کیلئے 99 ہزار 600 ڈالر جھونک کر ایک عالمی ریکارڈ قائم کیا۔اگر پاکستانی روپے میں دیکھا جائے تویہ رقم دو کروڑ 20 لاکھ سے بھی زیادہ بنتی ہے۔

سب سے لمبے ناخن

بہت سی لڑکیاں اپنے ناخن لمبے کرنے کا شوق رکھتی ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ لمبے ناخن درحقیقت عالمی ریکارڈ بنانے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں؟ امریکہ سے تعلق رکھنے والے لی ریڈمنڈ کو اپنے ناخن 28 فٹ 4 انچ لمبے کرنے میں 30 سال لگے اور بالآخر انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنالیا۔

ناک کے ساتھ تیز ترین ٹائپنگ

نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے ونود کمار چوہدری ناک سے تیز ترین ٹائپنگ کا ریکارڈ بنانے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے 22 دسمبر 2014 کو 46اعشاریہ 30 سیکنڈ میں 103 حروف ٹائپ کرکے ریکارڈ قائم کیا۔

داڑھی میں ٹوتھ پک

یہ عجیب و غریب ریکارڈ امریکا سے تعلق رکھنے والے جوئل اسٹراسر نے قائم کیا۔ انہیں اپنی داڑھی میں تمام 3500 ٹوتھ پک لگانے میں تین گھنٹے اور 13 منٹ لگے۔

سور کی تربیت

مغرب میں سور کو کھایا بھی جاتا ہے اور اس کے علاوہ کئی مقاصد کیلئے بھی پالا جاتا ہے جبکہ امریکا میں ایک خاتون نے سور سے ایک منٹ میں سب سے انوکھے کام کرواکر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

طوطے کے ذریعے کین کھولنا

پاکستان میں آپ کو جگہ جگہ طوطا فال نکالنے والے مل جائینگے اور طوطے پالنے کے شوق بھی لیکن ایسا طوطا شائد مشکل ہی ملے جس نے کیلیفورنیا میں ایک منٹ میں 35 کین کھول کر پوری دنیا کو نا صرف حیران کیا بلکہ عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More