اپنے دفاع کے لیے لائسنس یافتہ اسلحہ ساتھ لے کر جائیں گے: پی ٹی آئی رکن اسمبلی

اردو نیوز  |  Nov 24, 2022

پشاور سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الہی نے کہا ہے کہ 26 نومبر کو راولپنڈی میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کے لیے کارکنوں کا قافلہ پشاور سے ہفتے کے روز صبح نو بجے نکلے گا۔

 فضل الہی نے جمعرات کو 26 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں تمام پارٹی عہدیداران اور بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کے بعد اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الہی نے بتایا کہ ہم عمران خان کی کال پر امن احتجاج کے لیے جارہے ہیں اگر کسی میں روکنے کی ہمت ہے تو روک کر دکھائے۔

’ہمارے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ ہے وہ ہم ساتھ لے کر جائیں گے اور اپنا دفاع ضرور کریں گے۔ سکیورٹی خدشات ہم سب کو ہیں لیکن ہم ڈرتے نہیں۔‘

ایم پی اے فضل الہی نے کہا کہ ہر حلقے سے ایم پی اے کو ایک ہزار کارکن ساتھ لانے کو کہا گیا ہے مگر میرے ساتھ 2 ہزار سے زائد کارکن راولپنڈی جائیں گے۔

’مارچ میں جانے والے کارکنان کے کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کی ذمہ داری ہماری ہوگی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہفتے کے دن صبح نو بجے موٹروے انٹرچینج پر قائدین پہنچیں گے جہاں سے قافلوں کی صورت راولپنڈی کی طرف روانہ ہوں گے۔

خیال رہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا نے پارٹی کارکنان کو حقیقی آزادی مارچ کے لیے تین دن کے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر کامران بنگش نے پیر کو ایک انٹرویو میں اردو نیوز کو بتایا تھا کہ فی حلقہ تین دن کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ پر 12 سے 15 لاکھ تک اخراجات کا تحمینہ لگایا گیا ہے۔

کامران بنگش نے بتایا تھا کہ ہر حلقے کو الگ سے پیسے جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ’میں نے اپنی طرف سے پانچ لاکھ روپے جمع کرا دیے ہیں۔‘

’میں نے دو تنخواہیں آزادی مارچ کے لیے مختص کی ہیں، تاہم دیگر تنظیمی عہدیدار بھی جمع کررہے ہیں۔‘

کامران بنگش کا کہنا تھا کہ مارچ کے لیے ہر صوبائی حلقے سے 1500 تک کارکن جائیں گے۔

’ہم نے تین دنوں کے اخراجات کا حساب لگا لیا ہے جو کہ فی حلقہ 12 سے 15 لاکھ روپے بنتے ہیں۔‘

صوبے کو چار ریجن میں تقسیم کیا گیا ہے ہر ریجن سے ایم پی ایز اپنے قافلے لیکر نکلیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More