دنیا کی سب سے طویل العمر بلّی کا نام گنیز بک میں شامل

بی بی سی اردو  |  Nov 26, 2022

جنوب مشرقی لندن میں رہنے والی ایک بلی کو دنیا کی سب سے طویل العمر بلی قرار دے دیا گیا ہے۔ 

اورپنگٹن شہر کے ایک خاندان کے ساتھ رہنے والی 26 سالہ فلوسی کو گنیز بک برائے عالمی ریکارڈز نے دنیا کی سب سے طویل العمر بلی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی عمر سے موازنہ کریں تو یہ 120 سال کے برابر ہے۔ 

بلی کی مالکن وکی گرین نے فلوسی کو ’زبردست بلی‘ قرار دیا۔ وہ اسے بلیوں کے شیلٹر ہوم سے اپنے گھر لائے تھے۔ 

وکی نے بتایا کہ فلوسی بہری ہے، اس کی نظر کمزور ہو رہی ہے مگر یہ اب بھی پیار کرتی ہے اور کھیلتی ہے۔ 

وکی کہتی ہیں کہ ’مجھے شروع سے معلوم تھا کہ فلوسی ایک خاص بلی ہے۔ مگر میں نے یہ تصور نہیں کیا تھا کہ میں کبھی گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر کے ساتھ گھر میں رہوں گی۔‘ 

اُنھوں نے کہا کہ ’یہ اتنی پیاری اور شوخ ہے، یہ سوچ کر اور بھی اچھا لگتا ہے جب آپ اس کی عمر کا خیال کریں۔‘ 

گنیز ورلڈ ریکارڈز کا کہنا ہے کہ فلوسی مرسی سائیڈ ہسپتال کے پاس بلیوں کے ایک شیلٹر میں تھی جب وہاں کام کرنے والے دو ورکرز نے ان پر ترس کھایا اور ایک ایک بلی کو گھر لے آئے۔ 

فلوسی اور وہ خاتون ورکر 10 برس تک ساتھ رہے۔ پھر وہ خاتون وفات پا گئیں تو ان کی بہن نے فلوسی کو 14 برس تک اپنے ساتھ رکھا۔ جب ان کی وفات ہو گئی تو وکی گرین نے فلوسی کو اپنا لیا کیونکہ گنیز کے مطابق وکی کو بڑی عمر کی بلیاں پالنے کا تجربہ تھا۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More