یروشلم حملوں کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا: نتن یاہو

بی بی سی اردو  |  Jan 29, 2023

Reuters

 اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے یروشلم میں ہونے والے حملوں کا ’فوری اور بھرپور‘ جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیل کے شہر یروشلم میں گذشتہ دو روز کے دوران دو علیحدہ علیحدہ حملے ہوئے جس کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے تاہم جہادی تنظیموں کی جانب سے ان حملوں کو سراہا گیا ہے۔

سکیورٹی امور پر منعقد کابینہ کے اجلاس سے قبل اسرائیلی وزیراعظمنتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ’دہشت گردی‘ سے نمٹنے کے لیے اب مزید سخت اقدامات اٹھائے گا۔

وزیر اعظم نتن یاہو کا یہ بیان اسرائیلی پولیس کی جانب سے 13 برس کے فلسطینی لڑکے کی گرفتاری کے بعد سامنے آیا ہے۔

اسرائیلی پولیس نے سنیچر کے روز مشرقی یروشلم میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر مبینہ طور پر حملے میں ملوث ایک 13 برس کے فلسطینی نوجوان کو گرفتار کیا تھا۔

اسرائیلی پولیس فورس کے ایک ترجمان کے مطابق حملہ آور نے گھات لگا کر عبادت کے لیے جانے والے پانچ افراد پر حملہ کیا تھا جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

جمعے کو یروشلم کے مشرقی حصے میں یہودی عبادت گاہ پر کیے جانے والے ایک علیحدہ حملے میںنمازیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ عبادت کے بعد باہر نکل رہے تھے۔

اس حملے میںکم از کم  سات افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ یہ حملے تین روز قبل مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین شہر میں اسرائیلی فوج کے حملے میں نو فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ان حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فوجیوں کی تعداد میں مزید  اضافے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔

جس کے بعد اسرائیلی پولیس نے 42 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

اسرائیل کے پولیس کمشنر کوبی شبتائی کے مطابق موجودہ حملے حالیہ عرصے کے دوران سب سے بدترین حملے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق مشرقی یروشلم سے تعلق رکھنے والے فلسطینی نوجوان کی تاحال شناخت نہیں کی جا سکی۔

غزہ میں حماس کے ترجمان حازم قاسم نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’یہ کارروائی جنین میں قابضین کے جرائم کا جواب اور قابضین کے مجرمانہ اقدامات کا قدرتی ردعمل ہے۔‘ اسلامی جہاد تنظیم نے بھی اس حملے کا خیر مقدم کیا ہے تاہم کسی فلسطینی گروپ نے تاحال اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Getty Images’حملہ آور نے بظاہر فرار کی کوشش کی‘

نامہ نگار برائے مشرق وسطی ٹام بیٹ مین کا تجزیہ

ہم اس یہودی عبادت گاہ کے قریب ہیں جسے پولیس نے اپنے گھیرے میں لے کر بند کر دیا ہے۔ ہر طرف مسلح سکیورٹی فورسز اور ایمبولینسیں نظر آ رہی ہیں اور اوپر ہیلی کاپٹر بھی گردش کر رہا ہے۔

سڑک کے بیچ و بیچ ایک تباہ شدہ کار کھڑی ہے۔ گاڑی کی ونڈ شیلڈ پر گولیوں کے سوراخ ہیں۔

پولیس کا فرانزک اہلکار اپنے سر پر ٹارچ لگا کر گاڑی کا جائزہ لے رہا ہے۔ وہ ہمیں پیچھے ہٹنے کا کہتے ہیں۔

ایک عینی شاہ نے ہمیں بتایا کہ انھوں نے سڑک پر مسلح حملہ آور کو دیکھا تھا۔ سکیورٹی اہلکار ان کا پیچھا کر رہے تھے جب انھیں ایک پولیس افسر کی گولی لگی اور انھوں نے ہوا میں فائر کیا۔

یہ جگہ عبادت گاہ سے کچھ ہی فاصلے پر ہے تو بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور نے فرار کی کوشش کی تھی۔

ہمیں قریبی فلسطینی علاقوں سے بھی آوازیں سننے کو ملیں جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہاں کے رہائشیوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔

Getty Images

اس حملے کو اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافے کی علامت قرار دیا گیا اور اس نے خدشہ پیدا کر دیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان وسیع تر تنازع پیدا ہو سکتا ہے۔

جمعے کو جس عبادت گاہ پر حملہ کیا گیا وہ ’پیغمبر یعقوب‘ محلے میں واقع ہے، جہاں ایک اسرائیلی آبادکاری ہے۔

تاہم ’پیغمبر یعقوب‘ محلہ یروشلم کے ایک حصے میں واقع ہے جو فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین کے مطابق فلسطینی علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔

یروشلم کا یہ حصہ 1967 سے اسرائیل کے قبضے میں ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس نے اسے اپنے علاقے میں شامل کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اسرائیل، فلسطین تنازع کتنا پرانا ہے اور اس وقت بیت المقدس میں کیا ہو رہا ہے؟

فلسطین پر اقوام متحدہ کی قرارداد پر اسرائیل برہم، انڈیا کا کیا موقف تھا؟

فلسطینی سے محبت ہو جائے تو غیر ملکی اسرائیل کو مطلع کرنے کے پابند ہوں گے

اقوام متحدہ یروشلم کے اس حصے کے اسرائیل کے ساتھ الحاق کو تسلیم نہیں کرتا اور اب بھی یروشلم کے پورے مشرقی حصے کو فلسطینیوں کی ملکیت سمجھتا ہے۔

اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ حملہ آور مشرقی یروشلم میں رہنے والا ایک فلسطینی تھا۔

غزہ میں اس حملے کی خبر پر سڑکوں پر ایک بے ساختہ جشن منایا گیا۔

خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن آئندہ چند روز میں اسرائیل اور فلسطین کا دورہ کرنے والے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے حملے کی مذمت کی ہے۔

برطانیہ، امریکہ اور اقوام متحدہ کا مذمتی بیان

یہودیوں کی عبادت گاہ پر حملہ ہولوکاسٹ میموریل ڈے کے موقع پر ہوا تھا۔ یہ دن جرمنی میں نازی دور میں 60 لاکھ یہودیوں کے قتل کے سوگ میں منایا جاتا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’یہودیوں کی عبادت گاہ پر ہولوکاسٹ میموریل ڈے اور سبت کے روز حملہ پریشان کن ہے۔ ہم اپنے اسرائیلی دوستوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

ادھر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ’امریکہ اس دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔‘

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو سے فون پر بات کی ہے اور انھیں حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

بنیامن نتن یاہو کے علاوہ متنازع قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن غفیر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے۔ بن غفیر نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اسرائیل کی گلیوں میں امن واپس لائیں گے تاہم ایسا نہ ہونے پر لوگ بظاہر ان سے ناراض ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گٹیریز کی ترجمان کے مطابق انھوں نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی اور فلسطینی علاقوں میں پُرتشدد واقعات کے اضافے پر کافی پریشان ہیں۔ ’یہ مزاحمت ظاہر کرنے کا وقت ہے۔‘

خیال رہے کہ اسرائیل نے 1967 کے دوران مشرق وسطیٰ کی جنگ میں مشرقی یروشلم کے علاقے پر قبضہ کر لیا تھا اور اب یہ پورے شہر کو اپنا دارالحکومت تصور کرتا ہے۔ تاہم عالمی سطح پر اکثریت ان ممالک کی ہے جو اسے تسلیم نہیں کرتے۔

فلسطینیوں کا دعویٰ ہے کہ مشرقی یروشلم مستقبل میں اس کی آزاد ریاست کا دارالحکومت ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More