رائیلی روسو کی تیز ترین سینچری، ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

اردو نیوز  |  Mar 11, 2023

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے 27 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے ایک دلچسپ معرکے کے بعد پشاور زلمی کو چار وکٹوں سے ہرا دیا۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ملتان سلطانز نے 243 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے رائیلی روسو نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 51 بالز پر 121 رنز بنائے۔ 

انہوں ںے 41 گیندوں پر پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنا کر اپنا ہی پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل انہوں نے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 44 بالز پر سینچری بنائی تھی۔

رائیلی روسو، عظمت اللہ عمرزئی کی گیند پر کوہلر کیڈمور کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

کیرن پولارڈ نے 25 گیندوں پر 52 رنز جبکہ انور علی نے 8 بالز پر24 رنز کی اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی نے دو جبکہ مجیب الرحمان، ارشد اقبال، وہاب ریاض اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے۔

کپتان بابر اعظم نے 39 گیندوں پر 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، وہ عباس آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

صائم ایوب نے 58، ٹام کوہلر کیڈمور نے 38 جبکہ محمد حارث نے 35 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کے عباس آفریدی نے چار، جبکہ انور علی اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

9 میچز کے بعد پی ایس ایل 8 کا پوائنٹس ٹیبل 

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں تمام ٹیمیں اپنے 9، 9 میچز کھیل چکی ہیں۔

لاہور قلندرز ایونٹ میں 7 میچز جیت کر 14 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 6 میچز میں کامیابی کے بعد 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

ملتان سطانز پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔ ملتان سلطانز نے 5 میچز جیتے ہیں اور اس کے 10 پوائنٹس ہیں۔

پشاور زلمی کی ٹیم نے صرف 4 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، اس کے 8 پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More