انڈیا، پاکستان لڑائی سے متاثرہ آئی پی ایل کا دوبارہ آغاز کب ہو گا؟

اردو نیوز  |  May 11, 2025

جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک انڈیا اور پاکستان نے ہفتے کے روز جھڑپیں ختم کرتے ہوئے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اس سے متاثر انڈین  پریم لیگ کو دوبارہ شروع کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکٹری دیویجیت ساکھیا نے ویب سائٹ ’کرک بز‘ کو بتایا ہے کہ وہ ’صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دیوجیت ساکھیا نے مزید کہا ہے کہ ’انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی بحالی کا فیصلہ تمام متعلقہ فریقین اور حکومتی حکام سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔‘

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے انڈین میڈیا کو بتایا ہے کہ ’اتوار کے روز حکام ملاقات کریں گے تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔‘

یاد رہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان لڑائی کی وجہ سے جمعے کو آئی پی ایل ایک ہفتے کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ اس سے قبل پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان دھرم شالہ سٹیڈیم میں ہونے والا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا اور یہ مقام جموں سے تقریبا 200 کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر ہے جہاں اسی روز چند گھنٹے قبل دھماکے ہوئے تھے۔

 کھلاڑیوں کو دہلی واپس لانے کے لیے خصوصی ٹرین کا انتظام کیا گیا تھا (فوٹو: پی ٹی آئی)

فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے جمعے کو کھلاڑیوں کو دہلی واپس لانے کے لیے خصوصی ٹرین کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ غیر ملکی کھلاڑی سنیچر کو اپنے ممالک کی طرف روانہ ہونا شروع ہو گئے تھے۔

اتوار کو ٹیموں کی جانب سے اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف سے واپسی کے حوالے سے رابطے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم  ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق اگر حکومت سے منظوری مل جاتی ہے تو آئی پی ایل 15 مئی کے آس پاس دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔

آئی پی ایل کے باقی 12 میچز کے ساتھ تین پلے آف میچز اور فائنل باقی ہے جو ایونٹ کے متاثر ہونے سے قبل 25 مئی کو شیڈول تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More