وراٹ کوہلی بیمار ہیں؟ روہت شرما نے انوشکا شرما کے بیان کی تردید کردی

اردو نیوز  |  Mar 14, 2023

انڈیا اور آسٹریلیا کے مابین احمد آباد میں کھیلے گئے بارڈر گواسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انڈین بیٹر وراٹ کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

چوتھے ٹیسٹ میں وراٹ کوہلی سوا تین سال کے عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سینچری بنانے میں کامیاب ہوئے جس کے باعث انہیں پلیئر آف دی میچ کا بھی اعزاز دیا گیا۔

وراٹ کوہلی نے پہلی اننگز میں 364 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 186 رنز بنائے۔

دائیں ہاتھ کے بیٹر کی یادگار اننگز کے دوران اُن کی صحت سے متعلق کچھ چہ مگوئیاں دیکھنی میں آئیں کہ انہوں نے بیماری کی حالت میں بیٹنگ کی ہے۔

اس سلسلے میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اُن کی اہلیہ اور بالی وُڈ کی اداکارہ انوشکا شرما نے سٹوری میں انکشاف کیا کہ وراٹ کوہلی بیمار تھے۔

انوشکا شرما لکھتی ہیں کہ ’اس اطمینان کے ساتھ بیماری میں بھی کھیل رہے ہیں۔ ہمیشہ کی طرح مجھے متاثر کر رہے ہیں۔‘

دوسری جانب ٹیسٹ میچ ختم ہونے کے بعد جب کپتان روہت شرما سے اس متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق نہ کی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق روہت شرما نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ سوشل میڈیا پر جو دیکھتے ہیں اس پر یقین نہ کیا کریں۔ میرا نہیں خیال کہ وراٹ بیمار تھا۔ انہیں بس تھوڑی کھانسی کی شکایت تھی۔‘

روہت شرما کے علاوہ میچ کے اختتام پر بولنگ آل راؤنڈر اکشر پٹیل نے بھی وراٹ کوہلی کے بیمار ہونے کی نفی کی۔

اکشر پٹیل نے کہا کہ ’مجھے علم نہیں ہے۔ جیسے وہ بھاگ رہے تھے اور جیسے انہوں نے شراکت قائم کی، اس سے لگ نہیں رہا تھا کہ وہ بیمار ہیں۔‘

اُدھر آخری ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد انڈیا نے چارٹیسٹ میچز کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرتے ہوئے بارڈر گواسکر ٹرافی لگاتار چوتھی مرتبہ جیت لی ہے۔

اس میچ کے ڈرا ہونے اور کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں ملنے والی شکست نے انڈیا کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچا دیا ہے۔

خیال رہے آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل رواں سال 7 جون سے انگلینڈ کے اوول کرکٹ گراؤںڈ میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More