شہزادہ ہیری کے افغان جنگ میں کردار کے خلاف احتجاج: خون آلود آرٹ ورک کی لندن میں نمائش

اردو نیوز  |  Mar 26, 2023

برطانوی شہزادہ ہیری کے افغانستان میں 25 طالبان کو مارنے کے بیان پر احتجاج ریکارڈ کروانے کے لیے روسی فنکار چار افغانوں کے خون سے بھیگے برطانوی شاہی خاندان کے قومی نشان کی لندن کے ایک چرچ میں نمائش کریں گے۔

عرب نیوز کے مطابق شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب ’سپیئر‘ میں دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان جنگ کے دوران بطور ہیلی کاپٹر پائلٹ انہوں نے 25 طالبان کو ہلاک کیا تھا۔

شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ ’نہ مجھے فخر ہے اور نہ ہی شرمندگی۔‘ انہوں نے شطرنج کی مثال دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ان کو ایسے ہی ختم کیا جیسے بورڈ پر سے گوٹیاں ہٹائی جاتی ہیں۔‘

شہزادہ ہیری کو اس بیان پر افغانستان کے اندر اور باہر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

روسی فنکار ایندرے مولودکن نے کہا کہ فرانس میں چار افغانوں نے رضاکارانہ طور پر آرٹ کے نمونے کے لیے اپنا خون دیا، جبکہ اس کے لیے برطانیہ میں موجود مزید پانچ افغان بعد میں اپنا خون دیں گے۔

’مجھ سمیت ان سب کو شہزادہ ہیری کے بیان پر بہت زیادہ غصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شطرنج کے مہرے تھے۔ ان کے لیے یہ کوئی کمپیوٹر گیم ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ’سینٹ پاؤل کیتھڈرل کو افغانیوں کے خون سے رنگنا ہے۔ خون برطانوی قومی نشان میں جائے گا اور وہاں گھومے گا۔ اس کی کیتھڈرل پر پروجیکشن کی جائے گی۔ اس طرح سارا کیتھڈرل افغانیوں کے خون میں رنگ جائے گا۔‘

ایندرے مولودکن روس کے افغانستان پر حملے میں بطور سپاہی شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’حتی کہ فوج میں رہتے ہوئے آپ کسی کو مارنے میں خوف محسوس کرتے ہیں۔ آپ پر دباؤ ہوتا ہے، لیکن ہیری اسے ویڈیو گیم سمجھتے ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More