’میں ناکام رہا‘، اہلیہ سے علیحدگی کے بعد شِکھر دھون نے خاموشی توڑ دی

اردو نیوز  |  Mar 26, 2023

انڈین کرکٹر شِکھر دھون اور اُن کی سابقہ اہلیہ عائشہ مکھرجی کے درمیان علیحدگی کو کافی عرصہ ہو گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق جب دونوں میاں بیوی کے درمیان علیحدگی کی خبریں آنا شروع ہوئیں تو اس کے بعد نہ تو شِکھر دھون اور نہ ہی عائشہ مکھرجی نے اس بارے میں کچھ بولا۔

تاہم حالیہ دنوں میں شِکھر دھون کی جانب سے ایک انٹرویو دیا گیا ہے جس میں انہوں نے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کا تذکرہ کیا ہے اور بتایا ہے کہ اُن دونوں نے کیسے ایک دوسرے سے راہیں جدا کیں۔

’سپورٹس تک‘ کو انٹرویو میں شِکھر دھون نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ ازدواجی زندگی میں ناکام ہوئے، تاہم وہ کسی پر کوئی انگلی نہیں اٹھانا چاہتے کیونکہ انہوں نے سب فیصلے خود لیے تھے۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر کہتے ہیں کہ ’میں ناکام رہا کیونکہ حتمی فیصلہ تو انسان کا اپنا ہوتا ہے۔ میں دوسروں کو موردِ الزام نہیں ٹھہراتا۔ میں اس وجہ سے ناکام رہا کیونکہ مجھے شادی کے بارے میں اتنا علم نہیں تھا۔ میں اگر آج کی کرکٹ کی بات کروں تو شاید 20 سال پہلے مجھے اس کا علم نہ ہو۔ یہ سب چیزیں انسان تجربے سے سیکھتا ہے۔‘

انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ان دونوں کے درمیان ابھی تک طلاق پوری طرح سے نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے دوبارہ سے شادی کرنے کے فیصلے کو بھی نہیں ٹھکرایا، تاہم وہ اس کے بارے میں ابھی تک نہیں سوچ رہے۔

37 سالہ کرکٹر نے کہا کہ ’ابھی تک میری طلاق کا کیس چل رہا ہے۔ اگر کل میں دوبارہ شادی کرتا ہوں تو میں اس معاملے میں مزید سمجھدار ہوں گا۔ مجھے یہ معلوم ہوگا کہ مجھے کس طرح کی لڑکی سے شادی کرنی ہے، کوئی ایسی ہو جس کے ساتھ میں ساری زندگی گزار سکوں۔‘

’جب میں 26، 27 سال کا تھا اور میں لگاتار کھیل رہا تھا، تب میں کسی کے ساتھ ریلیشن شپ میں نہیں تھا۔ میں مزے کرتا تھا، لیکن کبھی بھی کسی ریلیشن شپ میں نہیں رہا۔‘

شِکھر دھون اور عائشہ مکھرجی کی شادی 2012 میں ہوئی تھی (فوٹو:زی نیوز)شِکھر دھون کہتے ہیں کہ ’جب مجھے پیار ہوا تو میں حدود نہیں دیکھ سکا، لیکن اگر میں اب محبت میں گرفتار ہوتا ہوں تو شاید میں وہ حدود دیکھ سکوں۔ اگر میں نے وہ حدود دیکھ لیں تو میں چھوڑ دوں گا۔ اگر نہیں تو میں رشتہ نبھاؤں گا۔‘

نوجوانوں کو رشتے کے بارے میں رائے دیتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’نوجوان، جب وہ کسی ریلیشن شپ میں آئیں تو اس سے تجربہ حاصل کریں۔ یہ اہم ہے۔ انہیں جذباتی ہو کر اور جلد بازی  میں آ کر فیصلہ نہیں کرنا چاہیے اور نہ شادی کرنی چاہیے۔ اس انسان کے ساتھ کچھ سال گزاریں اور دیکھیں کہ کیا آیا اس سے آپ کے خیالات مل رہے ہیں اور دونوں ایک دوسرے سے خوش ہیں۔‘

’یہ ایک میچ کی طرح ہے۔ کچھ لوگوں کو چار سے پانچ ریلیشن شپ کی ضرورت ہوتی ہے اور کچھ کو آٹھ سے نو کی۔ اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔ آپ اس سے سیکھتے ہیں، اور جب آپ شادی کا فیصلہ کریں، تو آپ کے پاس تجربہ ہونا چاہیے۔‘

خیال رہے کہ شِکھر دھون اور عائشہ مکھرجی کی شادی 2012 میں ہوئی تھی جس کے بعد اُن کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش 2014 میں ہوئی، تاہم 2021 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More