کھیلتے کھیلتے چابی سوئچ میں لگادی، ایک جھٹکا لگا اور ۔۔ خدارا چھوٹے بچوں کا خیال رکھیں ورنہ

ہماری ویب  |  Mar 31, 2023

کھیلتے وقت چھوٹے بچوں پر نظر رکھنا بہت ضروری ہے کیونکہ بڑھتے ہوئے بچے ہر چیز کی طرف راغب ہوتے ہیں اور ایسے میں اکثر کسی نہ کسی مشکل میں پھنس جاتے ہیں اور والدین کی تھوڑی سی غفلت بچوں کیلئے بڑے نقصان کا سبب بن جاتی ہے۔

شفیق ہسپتال ناروال میں بچوں کے ماہر ڈاکٹر ارشد محمود کے مطابق ایک ڈھائی سال کا بچہ ایمرجنسی میں لایا گیا، چابی سے کھیلتے ہوئے اس نے وہی چابی بجلی کی ایکسٹینشن میں دے دی شدید جھٹکا لگا اور جب تک ہمارے پاس پہنچا حرکت قلب بند ہو چکی تھی۔

انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ 20 منٹ کی مسلسل کوشش کے باوجود زندگی کی کوئی رمق واپس نہ آئی تو بھاری دل کے ساتھ سر جھکا لیا۔

ڈاکٹر ارشد محمود نے اپنے پیغام میں والدین سے کہا ہے کہ خدارا بچوں کے معاملے میں بہت احتیاط کریں بالخصوص یہ 1 سے 3 سال کی عمر نہایت خطرناک ہے،اس عمر کے بچے کو کسی صورت میں بھی سکہ یا کوئی بھی ایسی چھوٹے سائز کی کھیلنے والی چیز نہ دیں جو گلے میں پھنس سکتی ہو۔

گولیاں ٹافیاں بالکل نہ دیں اور ڈرائی فروٹ بھی اپنی نگرانی میں دیں، بچے کا فیڈر کبھی بھی مائکرو ویو میں گرم نہ کریں اس سے دودھ ہر طرف سے ایک جیسا گرم نہیں ہوتا اور کوئی "ہاٹ سپاٹ" بچے کا منہ جلا سکتا ہے ، پنسل، چابی یا کوئی بھی نوکیلی چیز مت پکڑنے دیں۔

بجلی کے ساکٹس پر ٹیپ لگا کر رکھیں اور کوئی بھی تار ننگی یا بغیر پلگ کے نہ چھوڑیں، ٹیبل پر ایسا کپڑا نہ ہو جسے بچہ کھینچ لے اور اوپر پڑا کوئی ڈیکوریشن پیس اسے زخمی کر دے، دراز ایسے ہوں(سٹاپر والے) کے بچہ کھینچے تو پورے کے پورے باہر نکل کر اسکے اوپر نہ گر جائیں۔

ڈاکٹر ارشد کہتے ہیں کہ بچے کو کبھی بھی پانی سے بھری بالٹی یا باتھ ٹب کے پاس اکیلا کھڑا نہ چھوڑیں ایک لمحے کیلئے بھی نہیں بچے اوندھے منہ بالٹی میں گر کر فوراً ڈوب جاتے ہیں بچے کے گلے میں تعویذ، لاکٹ وغیرہ نہ لٹکائیں اور نہ چوسنی کا ہار پہنائیں یہ کسی بھی وقت پھندا بن سکتے ہیں۔

تمام ادویات اور خطرناک کیمیکلز ہر صورت میں تالے میں رکھیں، سیڑھی اور چھت کی منڈیر کے معاملے میں خاص احتیاط کریں، موٹر سائیکل پر بغیر کسی تیسرے بڑے شخص کے اپنے ساتھ اکیلے مت بٹھائیں، گاڑی میں اگلی سیٹ پر ہرگز نہ بٹھائیں اور گود میں لے کر ڈرائیو کرنے کی کوشش بالکل نہ کریں۔

بیرونی دروازے ہمیشہ بند رکھیں اور خیال رکھیں کہ بچے کا ہاتھ کنڈی یا لاک تک نہ پہنچتا ہو، یہ چند احتیاطی تدابیر آپکے ہنستے بستے گھر کو ماتم کدہ بننے سے بچا سکتی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More