ہماری دیکھا دیکھی نوجوان اداکار اپنی فیس بڑھاتے ہیں، یہ اور بات ہے کہ ان کی فلمیں چل نہیں رہیں: سلمان خان

بی بی سی اردو  |  Apr 08, 2023

Getty Imagesامبانی خاندان کی ایک تقریب میں سلمان خان شاہ رخ کی فیملی کے ساتھ

’میں شاہ رخ، عامر، اکشے اور اجے دیو گن نوجوان اداکاروں کو کڑی ٹکر دے سکتے ہیں اور یوں بھی ہمارا ریٹائر ہونے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘

بالی وڈ کے دبنگ سلمان خان سے جب یہ پوچھا گیا کہ آج کے نوجوان اداکاروں میں سے انھیں کس نے متاثر کیا ہے تو ان کا کہنا تھا ’یہ لوگ بہت باصلاحیت، محنتی اور فوکسڈ ہیں۔۔۔ لیکن وہ اور ان کے دور کے ہم عصر اتنی آسانی سے ہار نہیں مانیں گے۔‘

68ویں فلم فیئر ایوارڈ تقریب سے پہلے ایک پریس کانفرنس میں بولتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری فلمیں بھی چلتی ہیں اور اس لیے ہم اپنی فیس بڑھا دیتے ہیں اور ہمیں دیکھ کر دوسرے اداکار بھی اپنی فیس میں اضافہ کر دیتے ہیں۔ ’یہ اور بات ہے کہ اُن کی فلمیں نہیں چل رہیں۔‘

Getty Images

سلمان خان اب عید پر اپنی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں۔ سلمان خان فلمز پروڈکشن، کی اس فلم کو فرہاد سمجی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

اس فلم میں سلمان خان، وینکٹیش دگوبتی، پوجا ہیگڑے، اور بھومیکا چاولہ اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ’بھائی جان‘ پٹھان کی طرح دھوم مچا پائیں گے۔

Getty Imagesکرینہ کپور خان ’وٹ وومن وانٹ‘ کے نام سے شو ہوسٹ کرتی ہیں

دوسری جانب کرینہ کپور اپنے چیٹ شو ’وٹ وومن وانٹ‘ کی وجہ سے ٹرول ہو رہی ہیں۔ پہلے تو اپنی ہندی کی وجہ سے اور پھر شو میں ’صرف‘ اپنے ہی رشتے داروں اور قریبی دوستوں کو مدعو کرنے پر۔

کرینہ نے اپنے اس شو پر اپنی ساس شرمیلا ٹیگور سے لے کر اپنی سوتیلی بیٹی سارہ علی خان، قریبی دوست ملائکہ اروڑہ، کزن رنبیر کپور یہاں تک کہ اپنے شوہر تک کو مدعو کیا۔ اب لوگ اسے کرینہ کا ’فیملی شو‘ کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

کرینہ نے حال ہی میں اپنے شو کی ایک قسط کا ٹریلر ریلیز کیا جس میں وہ اپنے مداحوں کے سوالوں کا جواب دے رہی ہیں۔

ایک مداح کا کہنا تھا کہ وہ بہت غلط ہندی بولتی ہیں جبکہ ایک مداح نے پوچھا کہ آخر وہ اپنے ہی رشتے داروں کو شو پر کیوں مدعو کرتی ہیں۔ ’کیا کوئی سٹار آپ کے شو پر آنے کے لیے تیار نہیں ہے؟‘

جواب میں کرینہ کا کہنا تھا کہ ’آپ لوگ میرے گھر والوں اور دوستوں کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں کہ ہم آپس میں کیا باتیں کرتے ہیں اور ہمارے خیالات کیا ہیں اور ہمارے تعلقات کس طرح کے ہیں اور ہم اس شو پر وہی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

اگر ایسا ہے تو اسے ’چیٹ شو ‘ نہیں ریئلٹی شو کہا جانا چاہیے۔

Getty Imagesمنوج باجپائی اپنی بیگم شبانہ رضا کے ساتھ

اداکار منوج باچپائی اداکاری میں اپنی صلاحیتوں کے لیے مشہور ہیں اور اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت زیادہ بات نہیں کرتے لیکن حال ہی میں انھوں نے صحافی برکھا دت کے ساتھ ایک انٹرویو میں اپنی بیگم اور سابق اداکارہ شبانہ رضا اور اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر ہم دونوں اپنا اپنا مذہب یا اقدار تبدیل کرتے تو شاید ہماری شادی زیادہ نہیں چل پاتی۔‘

بالی ووڈ میں جہاں شاہ رخ گوری، سیف کرینہ، عامر خان کرن راؤ اور سوہا علی کنال کھیمو جیسی بے شمار مثالیں نظر آتی ہیں وہیں پچھلے کچھ عرصے میں اب سیاست اور مذہب کی باتیں بھی ہوتی نظر آئیں۔

حالانکہ اس کا بالی ووڈ پر زیادہ اثر نہیں ہوا لیکن انڈیا میں ہندو مسلم شادی پر اب سوالات کچھ زیادہ اٹھنے لگے ہیں۔ اسی حوالے سے ایک سوال کے جواب میں منوج باچپائی کا کہنا تھا کہ لوگ ان کی اور شبانہ کی شادی کے بارے میں ان سے کسی بھی طرح کا سوال کرنے کی ہمت نہیں کرتے۔

منوج باچپائی کا کہنا تھا کہ ان کی اور شبانہ کی شادی کا تعلق مذہب سے کم اور اقدار سے زیادہ ہے۔ وہ ہم ان اقدار پر عمل کرتے ہیں اور یہ کہ شبانہ اور وہ اپنے اپنے مذہب پر عمل کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے مذہب کا احترام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم اپنا مذہب تبدیل کر لیتے تو شاید ہماری شادی زیادہ دیر نہیں چلتی۔‘

منوج نے بتایا کہ ان کا تعلق ایک جاگیردار برہمن خاندان سے ہے اور جب انھوں نے شبانہ رضا سے شادی کی تو کسی نے اس پر اعتراض ظاہر نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ جانتے ہیں کہ اگر کوئی میری بیوی کے مذہب کے بارے میں بات کرے گا تو میں اسے سخت جواب دوں گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More