مس انڈیا کا ٹائٹل جیتنے والی نندنی گپتا کون ہیں؟

بی بی سی اردو  |  Apr 17, 2023

’جب نندنی 10ویں جماعت میں گئی تھی تو اس نے مجھے کہا تھا کہ ماں، میں ایک بار مس انڈیا کے پلیٹ فارم پر جانا چاہتی ہوں۔‘

’اس نے پڑھائی میں بھی خود کو ثابت کیا، وہ کہتی تھی کہ امی میں پڑھائی میں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہوں، میں بھی وہاں جانا چاہتی ہوں۔‘

فیمینا مس انڈیا 2023 کا ٹائٹل جیتنے والی نندنی گپتا کی والدہ ریکھا گپتا نے اپنی بیٹی کی اس خواہش کے بارے میں بتایا جو اب پوری ہو چکی ہے۔

ریکھا گپتا اس وقت نندنی کے ساتھ ممبئی میں ہیں۔

فون پر بات چیت میں انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’جب نندنی کے نام کا اعلان کیا گیا تو مجھے اس پر یقین نہیں آیا۔ میرے پاس اس کو بیان کرنے کے الفاظ نہیں ہیں۔‘

کوٹا سے مس انڈیا کا سفر

انڈیا کے علاقے کوٹا سے تعلق رکھنے والی نندنی گپتا نے پہلی بار مس انڈیا کا خطاب جیتا ہے۔ نندنی انڈیا کی 59ویں مس انڈیا بن گئی ہیں۔

نندنی کا خاندان کوٹہ کے سبزی منڈی علاقے میں رہتا ہے۔ نندنی نے اپنی تعلیم کوٹا کے ایک نجی سکول سے حاصل کی۔ اس کے بعد انھوں نے ممبئی کے لالہ لاجپت رائے کالج میں مینجمنٹ سٹڈیز میں داخلہ لیا۔

گذشتہ ایک سال سے ممبئی میں پڑھائی کے ساتھ ساتھ نندنی نے مس انڈیا کے مرحلے تک پہنچنے کے خواب کو بھی پروان چڑھایا۔

https://www.instagram.com/p/CrFkTsSprl8/

نندنی کے والد سمیت گپتا نے بی بی سی سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب نندنی کے نام کا اعلان کیا گیا تو ہم بہت خوش تھے۔ پھر ہم نے سٹیج کی طرف دیکھا تک نہیں۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’نندنی بچپن سے کیٹ واک کرتی تھی، جب وہ کوئی نیا لباس لاتی تو وہ ہمیں پہن کر دکھاتی اور پوچھتی کہ میں کیسی لگ رہی ہوں۔‘

نندنی کی والدہ ریکھا گپتا کہتی ہیں کہ ’بچپن میں نندنی کپڑے پہن کر پوز دیتی تھی۔ جیسے جیسے وہ بڑی ہوئی، وہ بین الاقوامی ماڈلز سے متاثر ہوتی گئی اوروہ ان کی پیروی کرتی تھی۔‘

’دسویں جماعت کے دوران نندنی نے مجھ سے کہا کہ میں مس انڈیا کے سٹیج پر جانا چاہتی ہوں۔ تب میں نے اسے بتایا کہ وہ ابھی چھوٹی ہے۔ نندنی نے خود کو پڑھائی میں اچھا ثابت کیا، جب وہ اٹھارہ برس کی ہوئی تو ہم نے کہا ٹھیک ہے اب مس انڈیا کے لیے جاؤ۔‘ریکھا گپتا کہتی ہیں کہ ’مس راجستھان کا انتخاب 11 فروری کو ہوا تھا۔ اب جب کہ انھوں نے مس انڈیا کا خطاب جیت لیا ہے، ہم یقین نہیں کر سکتے کہ ایک چھوٹے شہر کی لڑکی نے اتنا بڑا کام کیا ہے۔‘

فیمینا سال 2024 کے مس ورلڈ مقابلے کے لیے ان کی گرومنگ کرے گا اور پھر کچھ عرصے بعد نندنی گپتا مس ورلڈ کے مقابلے میں حصہ لیں گیں۔

https://www.instagram.com/p/CrE13TJt1Ln/

پڑھائی میں ذہین

سکول سے کالج تک پڑھائی میں بھی نندنی نے خاندان کو کبھی مایوس نہیں کیا۔

ان کے والد سمیت گپتا کہتے ہیں کہ ’نندنی نے کوٹا سٹیشن کے قریب سینٹ پال سکول میں تعلیم حاصل کی۔ انھوں نے 10ویں میں 90 فیصد اور 12ویں جماعت میں کامرس کے مضامین اختیار کرتے ہوئے 92 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں۔‘

وہ بتاتے ہیں کہ ’نندنی نے اعلیٰ تعلیم کے لیے ممبئی کے حاجی علی علاقے میں لالہ لاجپت رائے کالج کا انتخاب کیا۔ وہ یہاں مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ انھوں نے یہاں پہلے سال میں 90 فیصد سے زیادہ نمبر بھی حاصل کیے ہیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’اس نے فیمینا مس انڈیا کے لیے اس سال اپنے دوسرے سال کا امتحان نہیں دیا ہے۔ کیونکہ، مارچ میں ہی انھیں 45 دنوں کے لیے منی پور جانا تھا۔ لیکن کالج نے اس شیڈول کے بعد نندنی کو دوسرے سال کے امتحانات دینے کی اجازت دے دی ہے۔‘

https://www.instagram.com/p/CrJSol1vWog/

نندنی کی ماں ریکھا گپتا بی بی سی کو بتاتی ہیں کہ ’نندنی کی پڑھائی جاری رہے گی۔‘

سمیت گپتا کہتے ہیں کہ ’میں نے نندنی سے کہا کہ تعلیم پہلے ہے، اس کے بعد تمھیں مینجمنٹ میں ماسٹر ڈگری بھی حاصل کرنا ہو گی۔‘

نندنی کا تعلق کسان گھرانے سے ہے

نندنی کی پیدائش 2003 میں ہوئی تھی۔ نندنی کی چھوٹی بہن اننیا خاندان میں نویں کلاس میں پڑھتی ہے۔ ان کی والدہ ریکھا گپتا خاتون خانہ ہیں جبکہ ان کے 56 سالہ والد سمیت گپتا کھیتی باڑی کرتے ہیں۔

سمیت بی بی سی کو بتاتے ہیں کہ ’ہمارے پاس 175 بیگھہ زمین ہے۔ میرے والد کا انتقال 2000 میں ہوا تھا اس کے بعد سے ہم کھیتی باڑی کررہے ہیں۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’میں اور میرا چھوٹا بھائی کھیتی باڑی کرتے ہیں۔ جبکہ بڑا بھائی ریٹائرڈ ڈاکٹر ہے۔‘

وہ بتاتے ہیں کہ ’کھیتی باڑی کے ساتھ ساتھ، میں پہلے آلودگی سے متعلق کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرتا تھا۔ پانی کی جانچ، ماحولیاتی آڈٹ سمیت بہت سے کام تھے۔ "لیکن مودی حکومت کے گذشتہ دور حکومت میں نوٹوں کی بندش اور تبدیلی کے بعد سے، میں کھیتی باڑی کو پورا وقت دیتا ہوں۔‘

نندنی گپتا کا مزاج کیسا ہے؟

سمیت گپتا کھیتوں کا دورہ کرنے والی نندنی کی کہانی بیان کرتے ہیں، ’نندنی سب کے ساتھ بہت دوستانہ ہے، وہ بہت سوشل ہے۔ وہ اکثر کھیتوں میں جاتی ہے اور وہاں کام کرنے اور فصل کی کٹائی کرنے والے لوگوں سے بہت نرمی سے بات کرتی ہے۔‘

ریکھا گپتا کہتی ہیں کہ ’نندنی کو فوٹو گرافی کا بہت شوق ہے۔ ہمیشہ لوگوں کی مدد کرنے اور ضرورت مندوں کے لیے کچھ کرنے کا سوچتی ہے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’نندنی ہمیشہ اپنے پرس میں چاکلیٹ اور بسکٹ رکھتی ہے۔ اور جب کوئی ان سے کچھ مانگنے آئے تو وہ چاکلیٹ اور بسکٹ دے دیتی ہے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’ایک دن ہم کوٹا میں سفر کر رہے تھے۔ بھکاری آیا، اس دن نندنی کے پرس میں چاکلیٹ اور بسکٹ نہیں تھے۔ میں نے کہا پیسے دے دو۔ تب نندنی نے اس بھکاری کو پیسے دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ماں، پیسے دے کر ہم صرف ان کی عادت ہی خراب کرتے ہیں۔‘

فیمینا مس انڈیا 2023 کا خطاب جیتنے کے بعد سے ان کے اہل خانہ کو مبارکباد ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت سمیت ملک بھر سے نندنی کو مبارکباد دی جا رہی ہے۔

نندنی کے والد سمیت گپتا اور ان کی چھوٹی بہن اننیا اس وقت ملاڈ، ممبئی میں ہیں۔ جبکہ ان کی ماں ریکھا، نندنی کے ساتھ باندرہ میں ہیں۔

لیکن وہ کہتی ہیں کہ ’وہ نندنی کے ساتھ ہے اور نہیں بھی۔ فیمینا آرگنائزیشن کی ٹیم نندنی کے تمام پروگرام دیکھ رہی ہے۔‘

نندنی کے کوٹا آنے کے سوال پر ان کے والد سمیت گپتا کہتے ہیں کہ ’فیمینا مس انڈیا اپنے آبائی شہر (کوٹا) میں ایک استقبالیہ پروگرام منعقد کریں گی۔ یہ پروگرام تین دن کا ہوگا۔ اور اگلے چند دنوں میں کوٹا آنے کا وقت طے کیا جائے گا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More