’تیرے ہاتھ میں میرا ہاتھ‘ وہ گانا جو کاجول نے منفی 27 ڈگری میں فلم بند کروایا

اردو نیوز  |  May 27, 2023

بالی وڈ اداکارہ کاجول نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی مشہور فلم ’فنا‘ کا ایک گانا پولینڈ کی منجمد جھیل پر شیفون کے لباس میں منفی 27 ڈگری سیلسیس میں فلم بند کروایا تھا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق کاجول نے فلم کا گانا ’میرے ہاتھ میں تیرا ہاتھ ہو‘ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دنیا بھر کی ان تمام ہیروئنز کو سلیوٹ کیا جانا چاہیے جو فلموں کے لیے انتہائی سخت موسمی حالات مناظر ریکارڈ کراتی ہیں۔

فنا فلم 2006 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کے کچھ گانوں اور مناظر کی شوٹنگ پولینڈ کے برف سے ڈھکے پہاڑوں پر کی گئی تھی۔

کاجول نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ گانے کی ریکارڈنگ کے وقت بہت سرد ہوا چل رہی تھی جس کو برداشت کرنا کافی مشکل تھا۔

’میرے ساتھ اس گانے میں موجود عامر خان کے حالات مختلف تھے کیونکہ وہ ریکارڈنگ سے قبل قریبی مارکیٹ سے ایک موٹی جیکٹ خرید لائے تھے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ان مشکل حالات میں بھی پورا گانا فلم بند ہونے کے بعد گانا ضائع ہو گیا اور اس کو ممبئی میں سیٹ پر پھر سے شوٹ کرنا پڑا۔

’فنا‘ فلم کی 17ویں سالگرہ پر گانے کے علاوہ چند مناظر بھی کاجول نے شیئر کیے اور کہا کہ زچگی کی چھٹیوں کے بعد میری واپسی کے حوالے سے خبریں آتی رہتی تھیں لیکن زونی (ان کے کردار کا نام) میرے لیے بہت خاص رہے گا کیونکہ اس میں وہ بغیر چشمے کے نظر آئی تھی۔

فنا فلم کے ہدایت کار کنال کوہلی تھے، انہوں نے کاجول کی ٹویٹ کو آگے شیئر کرتے ہوئے ساتھ لکھا کہ ’وہ بہت خوبصورت سینیمٹیک تجربہ تھا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’فلم کی تیاری کے دوران سیٹ پر آپ کے ساتھ گزارا گیا ہر لمحہ میرے لیے میرا پسندیدہ سینیمٹک ایکسپیرینس تھا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More