کراچی شہر میں انسان تو انسان اب جانور بھی محفوظ نہیں رہے، عید الضحیٰ کے قریب آتے ہی شہر میں جرائم پیشہ افراد سرگرم ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، شہرِ قائد کے مشہور علاقے نارتھ کراچی میں قائم ایک باڑے سے 40 بکرے چوری کرلئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، سرسید تھانے کی حدود میں نارتھ کراچی سیکٹر سیون اے میں واقع باڑے میں مسلح ملزمان داخل ہوئے اور بندوق کے زور پر باڑے سے 40 بکرے لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کو بیان دیتے ہوئے باڑے کے مالک حمزہ سعید نے واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ، "ڈکیتوں نے 2 ملازموں کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا اور واردات انجام دی، اس پوری واردات میں 4 ملزمان ملوث ہیں۔ ایک نے ملازمین کو یرغمال بنایا جبکہ باقیوں نے بکرے کھولے۔"
واردات کے بعد ملزمان باآسانی وہاں سے فرار ہوگئے، باڑے میں موجود ملازمین کا دعویٰ ہے کہ وہ ملزمان کی شناخت کرسکتے ہیں۔ پولیس نے واقعہ کی ایف آئی درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے، اور جلد ہی ملزمان قانون کی گرفت میں ہونگے۔