پاکستان میں مہنگائی جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ بلند سطح پر پہنچ گئی

ہم نیوز  |  Jun 02, 2023

ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح 38 فیصد تک پہنچ گئی،یہ ملکی تاریخ کی بھی بلند ترین شرح ہے جبکہ جنوبی ایشیا میں بھی سب سے بلند سطح ہے۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مئی میں مہنگائی تخمینے سے تقریبا 4 فیصد زیادہ رہی، تعلیم، صحت، بجلی، گیس اور ایندھن سمیت ہر چیز مہنگی ہوگئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی 35.1فیصد کی سطح پر ریکارڈ کی گئی جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی 42.2فیصد کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری مہنگائی کے اعداد و شمار کے مطابق قومی سطح پر ایک سال میں کھانے پینے کی اشیا 48.65فیصد جبکہ ٹرانسپورٹ کرائے 53فیصد مہنگے ہوگئے۔

ایف بی ایس کے مطابق تفریحی سہولیات گزشتہ سال کی نسبت 72فیصد مہنگی ہوئیں جبکہ ریسٹورنٹ اور ہوٹل چارجز میں بھی 42فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب یوٹیلٹی سٹورز پر گھی کی قیمتوں میں کمی کے بعد دیگر کئی اشیائے ضروریہ کے نرخ بڑھادئیے گئے، مختلف اشیاء کی قیمتوں میں تین روپے سے ایک سو نوے روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پرمختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاجس کے مطابق 450 گرام جیمزکی قیمت میں 74روپے،500 گرام شہد کی قیمت میں 101روپے اورایک کلو چکن سپریڈ کی قیمت میں 190روپے کا اضافہ ہوا،ایک کلو مایونیز100روپے تک مہنگی کی گئیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کیچپ کی800 گرام قیمت79 روپے،ساسز کی800 گرام قیمت میں 79روپے کا اضافہ اورایک کلو اچار80 روپے تک مہنگا کردیا گیا۔

اسی طرح یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب جوشاندہ کی قیمت میں 3روپے جبکہ اسپغول کی قیمت میں 30 روپے تک کا اضافہ کیا گیا،نئی قیمتوں کااطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More