پاکستان نریندر مودی سٹیڈیم میں نہیں کھیلنا چاہتا: نجم سیٹھی

اردو نیوز  |  Jun 08, 2023

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین گریگ بارکلے کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ کے فائنل کے علاوہ انڈیا کے شہر احمد آباد میں نہیں کھیلنا چاہتا۔

انڈین خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئر مین گریگ بارکلے سے ملاقات میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

اس سے قبل پی ٹی آئی نے خبر دی تھی کہ پی سی بی اپنے ورلڈ کپ کے میچز کولکتہ، بنگلور اور چنئی میں کھیلنا چاہتا ہے۔

گریگ بارکلے اور آئی سی سی جنرل مینیجر جیف ایلرڈائس نے حالیہ دنوں میں کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پی سی بی چیئرمین سے اس بات کی یقین دہانی مانگی ہے کہ وہ ون ڈے ورلڈ کپ کے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنے کا مطالبہ نہیں کریں گے۔ 

پی سی بی کے سینیئر ذرائع نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’نجم سیٹھی نے گریگ بارکلے اور جیف ایلرڈائس کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان نہیں چاہتا کہ ناک آؤٹ گیم جیسے فائنل کے علاوہ پاکستان کے میچز احمد آباد میں شیڈول کیے جائیں۔‘

نجم سیٹھی نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ اگر پاکستانی ٹٰیم کو اکتوبر نومبر میں ہونے والے گلوبل ایونٹ کے لیے اپنی حکومت سے اجازت ملتی ہے تو اس کے میچز چنئی، بنگلور اور کولکتہ میں شیڈول کیے جائیں۔

احمد آباد میں میچ کھیلنے پر پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کر چکا ہے۔

پی سی بی نے کولکتہ، بنگلور اور چنئی میں میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پیخیال رہے کہ 2005 کے دورہ انڈیا میں پاکستان نے انضام الحق کی قیادت میں احمد آباد کے موتیرا سٹیڈیم میں ون ڈے میچ کھیلا تھا۔

پی سی بی کے ایک عہدیدار کے مطابق نجم سیٹھی نے آئی سی سی کے حکام سے کہا ہے کہ وہ انڈٰیا کو پاکستان کے ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے پر رضا مند کریں۔

ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے آئی سی سی کو باور کروایا ہے کہ جب تک نئے پانچ سالہ ریونیو ماڈل میں پی سی بی کا حصہ بڑھایا نہیں جاتا، پی سی بی آئی سی سی کا نیا ریونیو شیئرنگ ماڈل قبول نہیں کرے گا۔

ذرائع کے مطابق ’سیٹھی نے اس نقطے کو اٹھایا کہ نئے سائیکل میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی نسبت پاکستان کو کم حصہ ملنا نا انصافی ہے۔‘

نجم سیٹھی نے موقف اپنایا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ باقاعدگی کے ساتھ انڈیا کے خلاف باہمی سیریز کھیلتے ہیں اور ان کے کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بھی حصہ لیتے رہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ دونوں کرکٹ بورڈز کو آئی پی ایل کی انتظامیہ سے اضافی ریونیو ملتا ہے۔

آئی سی سی اور انڈٰین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے حکام ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے لیے لندن میں موجود ہیں جہاں اُن کی جانب سے اگلے کچھ دنوں میں ورلڈ کپ کے شیڈول اور ریوینیو کو حتمی شکل دی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More