بنگلہ دیش نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو بیرون ملک علاج کے لیے جانے سے روک دیا

اردو نیوز  |  Oct 02, 2023

بنگلہ دیش نے علیل اور اپوزیشن کی سب سے اہم رہنما اور دو مرتبہ وزارت عظمیٰ پر فائز رہنے والی خالدہ ضیا کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے وکیل قیصر کمال نے حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 78 سالہ سابق وزیراعظم کو بیرون ملک جانے سے روکنا سیاسی انتقام ہے۔

جنوری کے آخر میں بنگلہ دیش میں عام انتخابات ہوں گے۔ کئی مغربی حکومتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ملک میں سیاسی ماحول پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خالدہ ضیا اور ان کی سخت حریف وزیراعظم شیخ حسینہ واجد چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے بنگلہ دیش کی سیاست پر چھائے ہوئے ہیں۔

2008 میں خالدہ ضیا کو کرپشن کے الزام میں 17 برس قید کی سزا ہوئی تھی۔ گھر پر نظر بند ہونے سے قبل انہوں نے دو سال جیل میں گزارے۔ انہوں نے اپنے خلاف لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

سابق وزیراعظم کے ڈاکٹر نے کہا ہے کہ اگست کے اوائل سے خالدہ ضیا جگر کی بیماری، سانس لینے میں دشواری اور ذیابیطس کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کو دل کی بیماری، جوڑوں اور گھٹنے میں بھی تکلیف ہے۔

گذشتہ ماہ خالدہ ضیا کے خاندان نے حکومت کو ایک خط لکھا تھا جس میں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اپیل کی گئی تھی۔

اتوار کو وزیر قانون انیس الحق نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ان کی درخواست مسترد کر دی ہے اور جیل سے رہائی کے ایگزیکٹیو آرڈر نے انہیں سیاست میں حصہ لینے اور طبی دیکھ بھال کے لیے بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔

وزیر قانون نے مزید کہا کہ ’درخواست پر دوبارہ غور نہیں کیا جا سکتا۔‘

بی این پی کے لاکھوں حامیوں نے خالدہ ضیا کے خلاف حکومتی اقدامات پر احتجاج کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)انیس الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے لیے نئی ہدایت پر نظر ثانی سے قبل موجودہ ایگزیکٹیو آرڈر کو منسوخ کرنا پڑے گا۔ یعنی خالدہ ضیا کو پہلے جیل واپس جانا پڑے گا اور پھر درخواست دینا ہو گی۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے وکیل قیصر کمال نے حکومتی فیصلے سے متعلق کہا کہ خالدہ ضیا کو قانون کی ایک شق کے تحت مشروط رہائی کی اجازت دی گئی تھی اور اسی شق کے تحت ان کو بیرون ملک علاج کرانے کے لیے جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

گزشتہ ہفتے بی این پی کے لاکھوں حامیوں نے خالدہ ضیا کے خلاف حکومتی اقدامات پر احتجاج کیا تھا۔

2022 سے بی این پی اور اس کے اتحادیوں نے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور شیخ حسینہ واجد سے استعفے اور نگراں حکومت کا مطالبہ کر رہے ہیں جو انتخابات کی نگرانی کر سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More